ذَٰلِكَ هُدَى اللَّهِ يَهْدِي بِهِ مَن يَشَاءُ مِنْ عِبَادِهِ ۚ وَلَوْ أَشْرَكُوا لَحَبِطَ عَنْهُم مَّا كَانُوا يَعْمَلُونَ
یہی اللہ کی ہدایت ہے وہ اپنے بندوں میں جسے چاہتا ہے مرحمت فرماتا ہے، اور اگر وہ لوگ شرک (82) کرتے تو ان کے اعمال ضائع ہوجاتے
وَ لَوْ اَشْرَكُوْا لَحَبِطَ عَنْهُمْ ....: اٹھارہ پیغمبروں کا نام لے کر، ان کے ساتھ ان کے آباء، اولاد اور اخوان کا ذکر کر کے فرمایا کہ اگر بفرض محال نبی یا اس کے قرابت دار بھی شرک کر بیٹھتے تو ان کا کیا کرایا سب ضائع ہو جاتا۔ کیونکہ شرک کے ساتھ کوئی بڑے سے بڑا عمل بھی قبول نہیں، جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مخاطب کر کے فرمایا : ﴿لَىِٕنْ اَشْرَكْتَ لَيَحْبَطَنَّ عَمَلُكَ﴾ [ الزمر : ۶۵ ] ’’ اگر آپ نے شرک کیا تو آپ کا بھی تمام عمل ضائع ہو جائے گا۔‘‘ پیغمبر سے شرک ہونا تو ممکن نہیں، یہ سب کچھ امتیوں کو سنایا جا رہا ہے۔