سورة الہب - آیت 5

فِي جِيدِهَا حَبْلٌ مِّن مَّسَدٍ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اس کی گردن میں مونج کی ایک رسی ہوگی ( جس کے ذریعہ جہنم میں گھسیٹی جائے گی)

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

فِيْ جِيْدِهَا حَبْلٌ مِّنْ مَّسَدٍ: ’’جِيْدٌ‘‘ گردن۔ ’’مَسَدٍ ‘‘ کھجور کی چھال کی رسی یا گوگل کے درخت کی چھال کی رسی یا کسی بھی چیز کی بنی ہوئی رسی یا خوب مضبوط بٹی ہوئی رسی۔ لوہے کی رسی کو بھی ’’ مَسَدٍ ‘‘ کہتے ہیں، یعنی جہنم میں اس حال میں داخل ہوگی کہ اس کی گردن میں مضبوط بٹی ہوئی رسی ہوگی۔ صحیح بخاری میں مجاہد سے منقول ہے کہ اس سے مراد وہ زنجیر ہے جو آگ میں ہوگی، جس میں مجرم پروئے جائیں گے، جیسا کہ فرمایا : ﴿ ثُمَّ فِيْ سِلْسِلَةٍ ذَرْعُهَا سَبْعُوْنَ ذِرَاعًا فَاسْلُكُوْهُ ﴾ [ الحآقۃ : ۳۲ ] ’’پھر ایک زنجیر میں جس کی پیمائش ستر ہاتھ ہے، اسے داخل کر دو۔‘‘