سورة عبس - آیت 20
ثُمَّ السَّبِيلَ يَسَّرَهُ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
پھر اس کے لئے (رحم مادرسے نکلنے کے) راستے کو آسان بنایا
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
ثُمَّ السَّبِيْلَ يَسَّرَهٗ : پھر اس کے لیے راستہ آسان کر دیا ۔اس کے تین معانی ہو سکتے ہیں، پہلا یہ کہ ماں کے پیٹ سے نکلنے کا راستہ آسان کر دیا، ورنہ ان تنگ ہڈیوں کے حصار سے نکل ہی نہ سکتا اور وہیں خود بھی مر جاتا اور ماں کی موت کا بھی باعث بنتا، دوسرا یہ کہ خیر و شر میں سے جس راستے پر چلنا چاہے وہی اس کے لیے آسان کر دیا اور تیسرا یہ کہ صحیح راستے کی پہچان اس کے لیے آسان کر دی، جس سے وہ اپنے پیدا کرنے والے پر ایمان لا سکتا ہے۔ تینوں معانی درست ہیں، مگر ’’ مِنْ نُّطْفَةٍ خَلَقَهٗ فَقَدَّرَهٗ ‘‘ کی مناسبت سے پہلا معنی زیادہ صحیح ہے۔ (التسہیل)