مَّا لَكُمْ لَا تَرْجُونَ لِلَّهِ وَقَارًا
تمہیں کیا (٥) ہوگیا ہے کہ تم اپنے رب کی عزت ووقار سے نہیں ڈرتے
مَا لَكُمْ لَا تَرْجُوْنَ لِلّٰهِ وَقَارًا : ’’لَا تَرْجُوْنَ‘‘ ’’رَجَا يَرْجُوْ رَجَاءً‘‘(ن) امید رکھنا۔ اس کا معنی عقیدہ رکھنا اور ڈرنا بھی آتا ہے، کیونکہ یہ دونوں چیزیں اور امید آپس میں لازم و ملزوم ہیں۔ امید اسی چیز کی ہوتی ہے جس کے موجود ہونے کا عقیدہ ہو اور امید کا مطلب ہی یہ ہے کہ خوف بھی موجود ہے ۔ ’’ وَقَارًا ‘‘ کا معنی عظمت ہے۔ آیت کا معنی یہ ہوگا کہ تمھیں کیا ہے کہ اپنے بتوں کی عظمت تو تمھارے دلوں میں بہت ہے، مگر تم اللہ تعالیٰ کی عظمت کا عقیدہ نہیں رکھتے؟ دوسرا معنی ہے کہ تم اللہ کی عظمت سے نہیں ڈرتے۔ اگر تم اس کے وقار وعظمت کے معتقد ہوتے اور تمھیں اس کا خوف ہوتا تو اس کے ساتھ ایسی ہستیوں کو کبھی شریک نہ بناتے جو اس کے مقابلے میں کوئی وقار اور کوئی عظمت نہیں رکھتیں۔