أَمَّنْ هَٰذَا الَّذِي هُوَ جُندٌ لَّكُمْ يَنصُرُكُم مِّن دُونِ الرَّحْمَٰنِ ۚ إِنِ الْكَافِرُونَ إِلَّا فِي غُرُورٍ
وہ کون سا تمہارا لشکر ہے جو رحمن کے مقابلے میں تمہاری مدد (12) کرے، کا فرمحض (شیطان کے) دھوکے میں پڑتے ہیں
اَمَّنْ هٰذَا الَّذِيْ هُوَ جُنْدٌ لَّكُمْ....: بھلا یہ تو بتاؤ کہ اگر اتنی قدرتوں والا رحمان تمھیں پکڑنے پر آجائے تو وہ کون ہے جو تمھارا لشکر بن کر اس کے مقابلے میں تمھاری مدد کرسکے؟ کوئی نہیں، بالکل نہیں۔ کافر لوگ جن کے دلوں میں یہ بات بیٹھی ہوئی ہے کہ فلاں ہستی اور فلاں مشکل کشا اللہ تعالیٰ کے مقابلے میں ان کی مدد کریں گے اور زبردستی سفارش کر کے چھڑا لیں گے، محض دھوکے میں پڑے ہوئے ہیں، جس میں انھیں شیطان نے مبتلا کر رکھا ہے۔ ’’ مِنْ دُوْنِ الرَّحْمٰنِ ‘‘ کا ایک معنی یہ بھی ہو سکتا ہے کہ رحمان کے علاوہ وہ کون ہے جو کسی مصیبت میں لشکر بن کر تمھاری مدد کر سکے؟