سَبَّحَ لِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ ۖ وَهُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ
آسمانوں اور زمین میں جتنی چیزیں ہیں، سب اللہ کی تسبیح (١) بیان کرتی ہیں، اور وہ زبردست، بڑی حکمتوں والا ہے
سَبَّحَ لِلّٰهِ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِي الْاَرْضِ....: اس آیت کی تفسیر سورۂ حدید کی پہلی آیت اور سورۂ بنی اسرائیل کی آیت (۴۴) میں گزر چکی ہے، یہاں صرف چند باتوں کا ذکر کیا جاتا ہے جو اس مقام سے متعلق ہیں : (1) سورۂ حدید میں’’ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ ‘‘ ہے، جب کہ یہاں ’’ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِي الْاَرْضِ ‘‘ ہے۔ ابن عاشور رحمہ اللہ نے اس کی توجیہ یہ فرمائی ہے کہ سورۂ حدید کی ابتدا میں زمین و آسمان کی ہر چیز کے اللہ تعالیٰ کی تسبیح بیان کرنے کو بطور دلیل بیان کیا گیا ہے اللہ تعالیٰ کی توحید اور ان صفات کے ثبوت کے لیے جو بعد کی آیات میں بیان ہوئی ہیں۔ چونکہ وہ سب کچھ جو زمین و آسمان میں پایا جاتا ہے مجموعی طور پر اس کی دلیل ہے، اس لیے ’’ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ ‘‘ میں اسے اکٹھا کر دیا ہے۔ جب کہ سورۂ حشر کی ابتدا میں اللہ کی تسبیح کا ذکر مسلمانوں پر اس احسان کی یاد دلانے کے لیے ہے جو زمین پر پیش آنے والے ایک واقعہ کی صورت میں ہوا اور وہ ہے بنو نضیر کی جلا وطنی اور مسلمانوں کا ان کی اراضی اور اموال کا مالک بن جانا۔ اس لیے اس میں زمین والوں کو خاص طور پر الگ ذکر کرنے کے لیے ’’ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِي الْاَرْضِ ‘‘ فرمایا۔ یہی معاملہ سورۂ صف، سورۂ جمعہ اور سورۂ تغابن کا ہے، ان سب میں ’’ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ ‘‘ کے بجائے ’’ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِي الْاَرْضِ ‘‘ کہا گیا ہے، کیونکہ ان کے بعد مذکور چیزوں کا تعلق خاص طور پر زمین والوں کے ساتھ ہے۔ (2) بنو نضیر کے واقعہ کے ذکر سے پہلے ’’ سَبَّحَ لِلّٰهِ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِي الْاَرْضِ ‘‘ لانے کا مقصد یہ ہے کہ اس جیسے طاقتور قبیلے کے ساتھ جو معاملہ پیش آیا وہ مسلمانوں کی طاقت کا نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی قدرت کا کرشمہ تھا، جو ہر عیب اور عجز سے پاک ہے۔ یہ کام جو مسلمانوں کی تعداد اور قوت کے لحاظ سے ممکن ہی نہ تھا، اللہ تعالیٰ کے لیے بالکل معمولی ہے، کیونکہ وہ سبحان ہے۔ اللہ تعالیٰ کی صفات ’’ الْعَزِيْزُ الْحَكِيْمُ ‘‘ لانے میں بھی یہی حکمت ہے کہ جب وہ کسی کو غالب کرنا چاہے تو کوئی اسے روک نہیں سکتا اور اس واقعہ میں بھی اس کی بے شمار حکمتیں ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں مسلمانوں کے لیے سبق بھی ہے کہ جب آسمانوں کی ہر چیز اور زمین کی ہر چیز اللہ کی تسبیح کرتی ہے تو تمھیں بھی اس کی بے شمار نعمتوں پر، جن میں بنو نضیر کی جلاوطنی کی نعمت بھی ہے اس کی تسبیح کرنی چاہیے۔