فَنَادَوْا صَاحِبَهُمْ فَتَعَاطَىٰ فَعَقَرَ
پس انہوں نے اپنے (قدار نامی) ساتھی (١٦) کو بلایا، جس نے اونٹنی کو نقصان پہنچانے کی ذمہ داری لی، پھر اسے ہلاک کردیا
فَنَادَوْا صَاحِبَهُمْ فَتَعَاطٰى فَعَقَرَ: ’’ فَتَعَاطٰى ‘‘ ’’عَطَا يَعْطُوْ عَطْوًا‘‘ (ن) ’’اَلشَّيْءَ‘‘ کسی چیز کو پکڑنا۔ ’’تَعَاطَي الشَّيْءَ‘‘ کسی چیز کو پکڑنا اور ’’ تَعَاطَي الْأَمْرَ ‘‘ کسی کام کا ذمہ اٹھانا۔ ایک مدت تک یہ ایک دن کی باری کا سلسلہ جاری رہا۔ صالح علیہ السلام نے انھیں تنبیہ کی تھی کہ اسے کسی قسم کا نقصان نہ پہنچانا، ورنہ تم پر عذاب آ جائے گا۔ ایمان نہ لانے کے باوجود دل سے وہ انھیں سچا جانتے تھے، اس لیے وہ اونٹنی کو نقصان پہنچانے سے خائف تھے، لیکن آخرکار صبر نہ کر سکے اور انھوں نے اس کا قصہ تمام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس کے لیے انھوں نے اپنے ایک سردار کو ابھارا جسے اللہ تعالیٰ نے اس قوم کا سب سے شقی آدمی قرار دیا ہے، فرمایا : ﴿اِذِ انْۢبَعَثَ اَشْقٰىهَا﴾ [الشمس:۱۲] ’’جب اس کا سب سے بڑا بدبخت اٹھا۔‘‘چنانچہ سب نے مل کر اسے مدد کے لیے پکارا کہ تو بڑا بہادر اور جری ہے۔ اس نے اس کام کا بیڑا اٹھایا اور اس اونٹنی کی کونچیں کاٹ کر اسے مار ڈالا۔ مزید دیکھیے سورۂ شمس (۱۱،۱۲) کی تفسیر۔ ’’ فَتَعَاطٰى‘‘ کا مفعول محذوف ہے : ’’ أَيْ تَعَاطَي السَّيْفَ‘‘(اس نے تلوار پکڑی) ’’ أَوْ تَعَاطَي الْأَمْرَ‘‘ (یا اس نے اس کام کا ذمہ اٹھایا)۔