وَقَالَ الَّذِينَ كَفَرُوا أَإِذَا كُنَّا تُرَابًا وَآبَاؤُنَا أَئِنَّا لَمُخْرَجُونَ
اور کافروں نے کہا (٢٤) کہ جب ہم اور ہمارے آباء واجداد مٹی ہوجائیں گے تو کیا ہم دوبارہ اپنی قبروں سے نکالے جائیں گے
وَ قَالَ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا ....: پچھلی آیت میں بتایا گیا تھا کہ کفار آخرت سے اندھے بنے ہوئے ہیں، اس آیت میں بتایا کہ وہ اپنے اندھے پن میں کیسے بے کار اعتراض کرتے ہیں۔ یہاں بظاہر ’’ قَالُوْا ‘‘ کہنا ہی کافی تھا کہ ’’انھوں نے کہا‘‘ مگر اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿ وَ قَالَ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا ﴾ ’’اور ان لوگوں نے کہا جنھوں نے کفر کیا‘‘ یعنی ان کی اس بات کا سبب ان کا کفر، یعنی حق کو چھپانا اور اس کا انکار کرنا ہے۔ دوبارہ زندہ کرنے پر تعجب کے اظہار کے لیے کفار نے دو مرتبہ ہمزہ استفہامیہ استعمال کیا ہے اور دوسرے ہمزہ کے بعد مزید تعجب کے اظہار کے لیے ”إِنَّ“ اور لام تاکید کا لفظ استعمال کیا ہے کہ ’’ کیا جب ہم مٹی ہو جائیں گے اور ہمارے باپ دادا بھی تو کیا واقعی ہم ضرور نکالے جانے والے ہیں۔‘‘ ان کے ایک ایک لفظ سے ظاہر ہو رہا ہے کہ ان کے نزدیک قبروں میں جانے اور مٹی ہو جانے کے بعد دوبارہ زندہ ہو کر قبروں سے نکالا جانا ممکن ہی نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں متعدد مقامات پر اس کا جواب دیا ہے کہ جس نے پہلی دفعہ بنایا وہ دوبارہ کیوں نہیں بنا سکتا۔