وَقَالُوا لَن نُّؤْمِنَ لَكَ حَتَّىٰ تَفْجُرَ لَنَا مِنَ الْأَرْضِ يَنبُوعًا
اور کافروں نے کہا کہ ہم تم پر ہرگز ایمان (٥٨) نہیں لائیں گے، یہاں تک کہ تم زمین سے ہمارے لیے ایک چشمہ نہ جاری کردو۔
1۔ وَ قَالُوْا لَنْ نُّؤْمِنَ لَكَ حَتّٰى تَفْجُرَ لَنَا ....: ’’ يَنْۢبُوْعًا ‘‘ ’’نَبَعَ يَنْبِعُ‘‘ (ض،ن، ع) پھوٹ نکلنا، بروزن ’’يَفْعُوْلٌ‘‘ یاء مبالغہ کے لیے بڑھائی گئی ہے، وہ چشمہ جو ہمیشہ جاری رہے۔ ’’ الْاَرْضِ ‘‘ میں الف لام عہد کا ہے، یعنی اس مکہ کی سنگلاخ زمین سے جہاں پانی کا نشان نہیں۔ ’’ يَنْۢبُوْعًا ‘‘ کے مطالبے کا مقصد یہ ہے کہ انھیں صرف اتنا پانی کافی نہیں جو ان کی ضرورت پوری کرے، بلکہ بہت بڑا اور ہمیشہ جاری رہنے والا چشمہ جاری ہونا چاہیے۔ 2۔ کفار جب قرآن کے معجزے کا جواب نہ دے سکے تو انھوں نے اپنے ایمان لانے کے لیے مزید معجزوں کا مطالبہ داغ دیا، جیسا کہ لاجواب ہونے والے لوگ کیا کرتے ہیں۔ ان تمام مطالبات کے جواب میں اللہ تعالیٰ نے جو کچھ کہنے کا حکم دیا وہ آگے آ رہا ہے۔