كَذَٰلِكَ نَسْلُكُهُ فِي قُلُوبِ الْمُجْرِمِينَ
ہم مجرموں کے دلوں میں کفر اور انکار رسالت (٩) کو اسی طرح داخل کردیتے ہیں۔
كَذٰلِكَ نَسْلُكُهٗ فِيْ قُلُوْبِ الْمُجْرِمِيْنَ....: ’’ نَسْلُكُهٗ ‘‘ میں ’’ هٗ ‘‘ ضمیر کے متعلق مفسرین نے دو وجہیں بیان کی ہیں، بعض نے کہا کہ ’’هٗ‘‘ کی ضمیر ’’ الذِّكْرَ ‘‘ کی طرف جا رہی ہے، یعنی ہم مجرموں کے دلوں کے اندر ذکر کو داخل کر دیتے ہیں اور وہ اسے اچھی طرح سنتے اور سمجھتے ہیں، مگر اس طرح کہ وہ باوجود دل سے سمجھنے کے اس پر ایمان بالکل نہیں لاتے اور پہلے لوگوں میں بھی یہی طریقہ گزر چکا ہے اور وہ اسی کی پاداش میں تباہ کیے جاتے رہے ہیں۔ زمخشری، رازی اور سید طنطاوی کی تفسیر کے مطابق ’’ نَسْلُكُهٗ ‘‘ اور ’’لَا يُؤْمِنُوْنَ بِهٖ‘‘ میں ضمیر غائب کا مرجع ایک رہتا ہے ۔ہمارے استاذ شیخ محمد عبدہ رحمہ اللہ نے بھی یہی تفسیر ذکر فرمائی ہے۔ دوسری تفسیر امام المفسرین طبری رحمہ اللہ کی ہے کہ ’’ نَسْلُكُهٗ ‘‘ میں ضمیر ’’هٗ ‘‘ ’’استہزا و کفر‘‘ کی طرف جاتی ہے، یعنی ہم مجرموں کے جرائم کی پاداش میں ان کے دلوں میں کفر و استہزا داخل کر دیتے ہیں، اس طرح کہ وہ اللہ کے نازل کردہ ذکر پر بالکل ایمان نہیں لاتے، بلکہ اس سے استہزا کرتے ہیں اور پہلے لوگوں کا طریقہ بھی یہی رہا ہے۔ دونوں تفسیروں کا نتیجہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تسلی دینا ہے۔