سورة یوسف - آیت 62

وَقَالَ لِفِتْيَانِهِ اجْعَلُوا بِضَاعَتَهُمْ فِي رِحَالِهِمْ لَعَلَّهُمْ يَعْرِفُونَهَا إِذَا انقَلَبُوا إِلَىٰ أَهْلِهِمْ لَعَلَّهُمْ يَرْجِعُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور یوسف نے اپنے کارندوں سے کہا کہ ان سب کی رقمیں ان کے سامانوں میں رکھ دو (٥٤) جب اپنے گھر والوں کے پاس پہنچنے کے بعد اسے پہچانیں گے تو امید ہے کہ دوبارہ آئیں گے۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

وَ قَالَ لِفِتْيٰنِهِ.....: ’’ فِتْيَانٌ‘‘ ’’فَتًي‘‘ کی جمع ہے، دیکھیے (آیت ۳۶) ’’رِحَالٌ‘‘ ’’رَحْلٌ‘‘ کی جمع ہے، وہ کجاوہ جو اونٹ پر سوار ہونے کے لیے رکھا جاتا ہے اور اس سامان کو بھی کہہ لیتے ہیں جو اونٹ پر رکھا جائے، اس لیے اونٹ کو ’’رَاحِلَةٌ‘‘ کہہ لیتے ہیں۔ ’’بِضَاعَةٌ‘‘ وہ رقم یا سامان جس کے ساتھ کوئی چیز خریدی جائے، یعنی اپنے جوانوں کو وہ رقم یا سازوسامان جو وہ غلہ خریدنے کے لیے قیمت کے طور پر لائے تھے، ان کو بتائے بغیر بطور احسان ان کی بوریوں میں رکھ دینے کا حکم دے دیا اور اس لیے بھی کہ بھائیوں کی حالت دیکھ کرگھر کی تنگ دستی کا اندازہ ہو گیا، جس کا ذکر تیسری دفعہ آنے پر انھوں نے خود کیا۔ دیکھیے آیت (۸۸) ’’ لَعَلَّهُمْ يَعْرِفُوْنَهَا ‘‘ شاید وہ ان درہموں وغیرہ کو ان کی ساخت یا مہر یا تھیلیوں سے پہچان لیں اور اس احسان اوررقم کی موجودگی کی وجہ سے دوبارہ آ جائیں۔