أُولَٰئِكَ الَّذِينَ آتَيْنَاهُمُ الْكِتَابَ وَالْحُكْمَ وَالنُّبُوَّةَ ۚ فَإِن يَكْفُرْ بِهَا هَٰؤُلَاءِ فَقَدْ وَكَّلْنَا بِهَا قَوْمًا لَّيْسُوا بِهَا بِكَافِرِينَ
انہی لوگوں کو ہم نے کتاب (83) اور شریعت اور نبوت دی تھی، پس اگر یہ مشرکین ان چیزوں کا انکار کرتے ہیں، تو ہم نے ان پر (ایمان لانے کے لیے) ایک ایسی قوم کو مقرر کردیا ہے جو ان کا انکار نہیں کرتی ہے
(83) اللہ تعالیٰ نے ان انبیاء کرام کو آسمانی کتابیں دیں، اور علم و نبوت کی نعمت سے نوازا۔ مفسر ابو السعود نے لکھا ہے کہ یہاں آسمانی کتابیں دینے، سے مراد ان میں موجود حقائق کی تفہیم اور تمام بڑے امور کا احاطہ ہے۔ اس لیے کہ ان میں سے بعض پر کوئی متعین کتاب نازل نہیں ہوئی تھی، اس کے بعد اللہ نے فرمایا کہ اگر کفار قریش رسول اللہ (ﷺ) اور قرآن کریم کا انکار کرتے ہیں تو وہ گو یا گذشتہ تمام انبیاء اور آسمانی کتابوں کا انکار کرتے ہیں، اور ان کے اس انکار کی اللہ کو کوئی پرواہ نہیں، کیونکہ اس نے تو ان دونوں پر ایمان لانے کے لیے صحابہ کرام اور مؤمنین کی جماعت کو پیدا کردیا ہے، جو ان پر ایمان لے آئے ہیں، اور ان پر اور دین اسلام پر جان نثار کرنے کے لیے ہمہ دم تیار رہتے ہیں۔