وَقَالُوا لَوْلَا أُنزِلَ عَلَيْهِ مَلَكٌ ۖ وَلَوْ أَنزَلْنَا مَلَكًا لَّقُضِيَ الْأَمْرُ ثُمَّ لَا يُنظَرُونَ
اور کافروں نے کہا کہ اس پر کوئی فرشتہ (10) کیوں نہیں اتارا گیا (جو اس کی نبوت کی شہادت دیتا) اور اگر ہم فرشتہ اتار دیتے تو معاملے کا فیصلہ ہوجاتا، پھر انہیں مہلت نہیں دی جاتی (یعنی انہیں ہلاک کردیا جاتا)
(10) اس آیت کریمہ میں کافروں کے ایک نئے قسم کے کبر وعناد کو بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اگر محمد ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) نبی ہے، تو اللہ نے ایک فرشتہ کیوں نہ آسمان سے اتارا جسے ہم دیکھتے اور جو ہمیں بتاتا کہ یہ نبی ہیں تاکہ ہم اس پر ایمان لے آتے ؟ اللہ تعالیٰ نے اس کا جواب دیا اور فرشتہ نہ بھیجنے کا سبب بیان کیا کہ یہ تو اپنی موت تلاش کرنے اور اپنے ہاتھ سے قبر کھودنے کے مترادف ہے، کیونکہ فرشتہ کا اس کی اصل شکل میں اتر آنا سب سے کھلی اور آخری نشانی ہوگی اور اگر اس کے بعد بھی ایمان نہ لائے، تو انہیں اللہ کے عذاب سے کوئی نہیں بچاسکتا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ حجر آیت (8) میں فرمایا ہے : ہم فرشتوں کو حق کے ساتھ اتارتے ہیں اور اس وقت وہ مہلت دیئے گئے نہیں ہوتے "اور سورۃ فرقان آیت (22) میں فرمایا : کہ وہ لوگ جس دن فرشتوں کو دیکھ لیں گے، اس دن ان مجرموں کو کوئی خوشی نہ ہوگی "