سورة الزلزلة - آیت 1

إِذَا زُلْزِلَتِ الْأَرْضُ زِلْزَالَهَا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

جب زمین انتہائی سختی کے ساتھ ہلا دی (١) جائے گی

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(1) اس سورت میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ جب قیامت واقع ہوگی تو زمین کا کیا حال ہوگا اور کس طرح لوگ گروہ درگروہ اپنی قبروں سے اٹھ کر میدان محشر میں جمع ہوتے جائیں گے تاکہ دنیا میں کئے گئے اپنے اچھے اور برے اعمال کا نتیجہ اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ وقوع قیامت کے وقت زمین انتہائی سختی کے ساتھ ہلا دی جائے گی اس پر موجود تمام مکانات منہدم ہو کر زمین بوس ہوجائیں گے، پہاڑ ریزہ ریزہ ہوجائیں گے، تمام ٹیلے برابر کردیئے جائیں گے، اور پوری زمین ایک چٹیل میدان بن جائے گی، نہ اس میں کوئی کجی رہے گی اور نہ کوئی اونچی نیچی جگہ ۔