سورة النسآء - آیت 96

دَرَجَاتٍ مِّنْهُ وَمَغْفِرَةً وَرَحْمَةً ۚ وَكَانَ اللَّهُ غَفُورًا رَّحِيمًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

جو اس کی جانب سے بلند مقامات (103) اور مغفرت و رحمت ہوگی، اور اللہ بڑا مغفرت کرنے والا اور نہایت مہربان ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

103۔ اس آیت میں مجاہدین کے لیے جو اجر عظیم ہے اسی کی تفصیل ہے، بخاری و مسلم نے ابوسعید خدری (رض) سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) نے فرمایا جنت میں 100 درجے ہیں، جنہیں اللہ نے مجاہدین کے لیے تیار کیا ہے، ہر دو درجوں کے درمیان آسمان اور زمین کی مسافت ہے علماء نے اسی آیت جہاد سے استدلال کر کے کہا ہے کہ جہاد فرضِ عین نہیں ہے، اگر فرض عین ہوتا تو پھر بیٹھنے والوں کے لیے کسی فضیلت کا ذکر نہ ہوتا، آیت میں اس بات کی بھی دلیل ہے کہ جہاد ان تمام اعمال سے افضل ہے جو جہاد میں شرکت نہ کرنے والے لوگ کرتے رہتے ہیں۔ سیوطی نے الاکلیل میں لکھا ہے کہ اس آیت میں مجاہدین کو تمام دوسرے لوگوں پر فضیلت دی گئی ہے، اور یہ بھی بیان کردیا گیا ہے جو لوگ واقعی جہاد میں شرکت کرنے سے معذور ہوتے ہیں ان کا درجہ بھی مجاہدین ہی کا ہے۔