سورة التغابن - آیت 1

يُسَبِّحُ لِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ ۖ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ ۖ وَهُوَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی

جتنی چیزیں آسمانوں میں ہیں، اور جتنی چیزیں زمین میں، سب اللہ کی پاکی (١) بیان کرتی ہیں، اسی کی (سارے جہان میں) بادشاہی ہے، اور اسی کے لئے تمام تعریفیں ہیں، اور وہ ہر چیز پر قادر ہے

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(1) سورۃ الحدید، سورۃ الحشر اور سورۃ الجمعہ کی پہلی آیت کی تفسیر میں بیان کیا جا چکا ہے کہ آسمانوں اور زمین میں جتنے حیوانات، نباتات اور جمادات ہیں، سب اللہ کی پاکی اور بڑائی بیان کرتے ہیں، کوئی اپنی زبان سے تسبیح پڑھتا ہے، جیسے فرشتے اور جن وانس، اور کسی کی ہئیت و حالت سے آشکارا ہوتا ہے کہ اس کا خالق تمام عیوب و نقائص سے پاک ہے، جیسے آسمان و زمین درخت نباتات اور پہاڑ وغیرہ وہ شہنشاہ دو جہاں ہے، آسمانوں اور زمین میں اس کے سوا کسی کا حکم نہیں چلتا، تمام تعریفوں کا وہ تنہا سزا وار ہے، اور اس کی طاقت و قدرت لامحدود ہے، وہ ہر چیز پر قادر ہے۔