سورة النسآء - آیت 29

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُم بَيْنَكُم بِالْبَاطِلِ إِلَّا أَن تَكُونَ تِجَارَةً عَن تَرَاضٍ مِّنكُمْ ۚ وَلَا تَقْتُلُوا أَنفُسَكُمْ ۚ إِنَّ اللَّهَ كَانَ بِكُمْ رَحِيمًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اے ایمان والو ! تم لوگ اپنا مال آپس میں ناحق (38) نہ کھاؤ، سوائے اس طور پر کہ آپس کی رضا مندی سے بذریعہ تجارت ہو، اور تم اپنے آپ کو (یا ایک دوسرے کو) قتل نہ کرو، اللہ تم پر بڑا رحم کرنے والا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اللہ تعالیٰ نے مؤمنوں کو خطاب کر کے فرمایا کہ اے ایمان والو ! تم لوگ ایک دوسرے کا مال چوری، دھوکہ دہی، جوا، سود اور دیگر حرام طریقوں سے نہ کھایا کرو، ہاں، جو مال تمہیں آپس کی رضا مندی سے تجارت کے ذریعہ ملے وہ حلال ہے، اور اے مسلمانو ! تم لوگ نہ خود کشی کرو، اور نہ ایک دوسرے کو قتل کرو، کیونکہ جو کوئی کسی مسلمان کو جان بوجھ کر ناحق قتل کردے گا، اللہ اسے جہنم میں ڈال دے گا، اور اللہ کے لیے ایسا کرنا بہت ہی آسان ہے