مَا أَصَابَ مِن مُّصِيبَةٍ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي أَنفُسِكُمْ إِلَّا فِي كِتَابٍ مِّن قَبْلِ أَن نَّبْرَأَهَا ۚ إِنَّ ذَٰلِكَ عَلَى اللَّهِ يَسِيرٌ
جو مصیبت (٢١) بھی زمین پر نازل ہوتی ہے یا تمہاری جان پر تو وہ لوح محفوظ میں، قبل اس کے کہ ہم اسے پیدا کریں، لکھی ہوئی ہے، بے شک ایسا کرنا اللہ کے لئے آسان ہے
(21) ذیل میں مذکور دو آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے خبر دی ہے کہ اس نے مخلوقات کو پیدا کرنے سے پہلے ان سے متعلق تمام امور کو مقدر کردیا تھا چنانچہ اگر زمین کو یا انسانوں کو کوئی مصیبت لاحق ہوتی ہے تو وہ لوح محفوظ میں پہلے سے نوشتہ ہے اور جو بات اس کے علم میں پہلے سے مقدر ہوچکی ہے اس کا واقع ہونا امر محتوم ہے اور اگرچہ عقل انسانی ان باتوں کا احاطہ کرنے سے قاصر ہے، لیکن اللہ کے لئے یہ باتیں بہت ہی آسان ہیں، اس لئے کہ اس کا علم اور اس کی قدرت کاملہ ہر چیز کا احاطہ کئے ہوئی ہے۔