سورة الفتح - آیت 0

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

میں شروع کرتاہوں اللہ کے نام سے جو نہایت مہربان، بے حد رحم کرنے والا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

سورۃ الفتح مدنی ہے، اس میں انتیس آیتیں، اور چار رکوع ہیں تفسیر سورۃ الفتح نام : آیت (1) سے ماخودذ ہے۔ زمانہ نزول : قرطبی لکھتے ہیں کہ یہ سورت تمام کے نزدیک مدنی ہے، ابن عباس اور ابن الزبیر کا بھی یہی قول ہے ابن اسحاق، حاکم اور بیہقی نے مسور بن مخرمہ اور مرد ان کا قول نقل کیا ہے کہ پوری سورۃ الفتح مکہ اور مدینہ کے درمیان صلح حدیبیہ کے بارے میں نازل ہوئی تھی۔ امام مسلم نے اپنی صحیح میں قتادہ سے روایت کی ہے انہوں نے کہا ہم سے انس بن مالک نے بیان کیا کہ سے تک صلح حدیبیہ سے واپسی کے وقت نازل ہوئی، جب صحابہ کے دل غم و الم سے بھرے تھے اور انہوں نے عمرہ کی قربانی حدیبیہ میں ہی کردی تھی، تو اللہ کے رسول (ﷺ) نے فرمایا کہ میرے اوپر ایک ایسی آیت نازل ہوئی ہے جو میرے نزدیک دنیا و مافیہا سے زیادہ بہتر ہے۔ محمد بن سعد نے لکھا ہے کہ وہ جگہ ” ضجنان“ ہے جہاں یہ سورت نازل ہوئی تھی سیوطی نے ” الا کلیل“ میں لکھا ہے کہ وہ جگہ ” کراع الغمیم“ تھی اور ابو معسر نے اسے حجفہ بتایا ہے حافظ ابن حجر کہتے ہیں کہ یہ تینوں جگہیں ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ حافظ ابن کثیر لکھتے ہیں کہ یہ سورت رسول اللہ (ﷺ) پر اس وقت نازل ہوئی جب ذی القعدہ 6 ھ میں آپ حدیبیہ سے مدینہ واپس آرہے تھے مشرکین نے آپ کو عمرہ ادا کرنے کے لئے مسجد حرام تک پہنچنے سے روک دیا تھا اور بالاخر بات مصالحت پر جا کر ختم ہوئی تھی، جس کا خلاصہ یہ تھا کہ آپ (ﷺ) اس سال مدینہ واپس چلے جائیں اور آئندہ سال آ کر عمرہ کریں اکثر صحابہ کرام کو اس صلح سے بہت تکلیف ہوئی، جن میں سرفہرست عمر (رض) تھے معاہدہ ہوجانے کے بعد آپ (ﷺ) اور صحابہ کرام نے حدیبیہ کے مقام پر ہی قربانی کر کے اپنے بال منڈوا لئے اور مدینہ کی طرف لوٹ گئے، واپسی میں یہ سورت اس جگہ نازل ہوئی جس کا ذکر اوپر آچکا ہے۔ اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے صلح حدیبیہ کو ” فتح مبین“ سے تعبیر کیا ہے اور سیرت نبوی کے اوراق شاہد ہیں کہ یہ صلح مسلمانوں کے حق میں نتائج کے اعتبار سے زبردست فتح ثابت ہوئی، امام بخاری نے براء بن عازب (رض) سے روایت کی ہے کہ تم لوگ فتح مکہ کو فتح کہتے ہو (اور فتح مکہ یقیناً فتح تھی) لیکن ہم لوگ یوم حدیبیہ کےبیعت رضوان کو فتح کہتے ہیں الحدیث چنانچہ آنے والے دنوں میں صلح کے مندرجہ ذیل نتائج ظاہر ہوئے : 1۔ یہ صلح درحقیقت اہل قریش اور دیگر کفار عرب کی جانب سے مدینہ منورہ میں نبی کریم (ﷺ) کی قیادت و سیادت میں موجود اسلامی حکومت کا پہلا اعتراف تھا۔ 2۔ یہ پہلا موقع تھا جب اہل قریش نے یہ بات مان لی تھی کہ مسلمان بھی دیگر عربوں کی طرح خانہ کعبہ کی زیارت کا حق رکھتے ہیں۔ 3۔ صلح کی ایک شرط یہ بھی تھی کہ دس سال تک فریقین میں جنگ نہیں ہوگی اس کا فائدہ یہ ہوا کہ مسلمانوں نے کھل کر اسلام کی تبلیغ کی اور امام زہری کے قول کے مطابق تین سال کے اندر اسلام اتنی تیزی سے پھیلا کہ فتح مکہ کے وقت نبی کریم (ﷺ) کے ساتھ دس ہزار مجاہدین موجود تھے۔ 4۔ صلح کا ایک بڑا فائدہ یہ ہوا کہ نبی کریم (ﷺ) اور صحابہ کرام نے اطمینان کی سانس لی اور مسلم سوسائٹی کی جڑوں کو استوار کرنے میں لگ گئے اور اسلام کا دارالسلطنت (مدینہ) ایک مستحکم و مضبوط قلعہ اسلام بن کر ابھر آیا۔ 5۔ اہل قریش اور جنوب کے قبائل عرب کی طرف سے مطمئن ہوجانے کا فائدہ یہ ہوا کہ آپ (ﷺ) نے شمال اور وسط عرب کی طرف توجہ کی پہلے یہودیوں کا دوسرا قلعہ خیبر مسلمانوں کے قبضے میں آیا، پھر فدک، وادی القریٰ، تیما اور تبوک کی یہودی بستیاں ایک ایک کر کے مسلمانوں کے تابع فرمان ہوگئیں۔ امام شعبی کہتے ہیں کہ رسول اللہ (ﷺ) کو صلح حدیبیہ میں وہ کچھ ملا جو کسی غزوہ میں نہیں ملا : 1۔ اللہ نے آپ کے اگلے اور پچھلے گناہ معاف کردیئے۔ 2۔ بیعت رضوان صحابہ کرام کے لئے ایک بہت بڑی نعمت تھی۔ 3۔ مسلمان خیبر کی کھجوروں کے مالک بن گئے۔ 4۔ قربانی کے جانور حلال ہونے کی جگہ پہنچ گئے۔ 5۔ اہل روم کو فارس والوں پر غلبہ حاصل ہوا، جس کے سبب مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ امام ابن القیم نے اپنی کتاب ” زاد المعاد“ میں صلح حدیبیہ کی ان عظیم حکمتوں کو تفصیل کے ساتھ بیان کیا ہے۔ صلح حدیبیہ کی مذکور بالا عظیم فائدوں کی وجہ سے دو سال کے اندر ہی اہل قریش اور دیگر مشرکین کی قوت از خود جواب دے گئی، اور اسلام ایک عظیم قوت بن کر ابھرآیا، جس کا سب سے پہلا اثر فتح مکہ کی صورت میں ظاہر ہوا۔