سورة البقرة - آیت 36

فَأَزَلَّهُمَا الشَّيْطَانُ عَنْهَا فَأَخْرَجَهُمَا مِمَّا كَانَا فِيهِ ۖ وَقُلْنَا اهْبِطُوا بَعْضُكُمْ لِبَعْضٍ عَدُوٌّ ۖ وَلَكُمْ فِي الْأَرْضِ مُسْتَقَرٌّ وَمَتَاعٌ إِلَىٰ حِينٍ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

پھر شیطان نے ان دونوں کو لغزش (٨١) میں مبتلا کردیا، اور انہیں اس نعمت و راحت سے نکلوا دیا جس میں وہ تھے، اور ہم نے کہا کہ پستی میں اتر (٨٢) جاؤ، تم ایک دوسرے کے دشمن (٨٣) ہوگے، اور تمہارے واسطے زمین ٹھکانا ہے، اور ایک (مقرر) وقت (٨٤) تک فائدہ اٹھانا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

81: شیخ الاسلام تقی الدین ابن تیمیہ (رح) اور متأخرین کی جماعت نے کہا ہے کہ ابلیس نے آدم کے سامنے قسم کھائی اور متعدد طریقوں سے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے لیے خیر خواہ ہے۔ اور آدم کو یہ گمان بھی نہیں ہوسکتا تھا کہ کوئی جھوٹی قسم کھا سکتا ہے، اس لیے دھوکے میں پڑگئے اور گمان کرلیا کہ اگر اس درخت کا پھل کھا لیں گے تو جنت سے نہ نکلیں گے، اور یہ بھی انکے دل میں بات آگئی کہ اگرچہ اس میں یہ خرابی ہے کہ اللہ کی نافرمانی ہو رہی ہے، لیکن فائدہ بہت بڑا ہے کہ ہمیشہ کے لیے جنت کے مقیم ہوجائیں گے اور بعد میں اللہ سے معذرت کرلیں گے اور توبہ کر کے اپنا گناہ معاف کروالیں گے، اسی لیے انہوں نے معصیت کا ارتکاب کرلیا، اور یہی ہر اس مؤمن کی نیت ہوتی ہے جو شیطان کے پھندے میں آکر گناہ کرتا ہے، وہ سوچتا ہے کہ ابھی یہ گناہ کرلیتا ہوں، پھر توبہ کرلوں گا اور اللہ سے معافی مانگ لوں گا۔ چنانچہ شیطان ان کے پیچھے لگا رہا انہیں طرح طرح سے بہکاتا رہا ان کے دل و دماغ میں یہ بات ڈالتا رہا کہ وہ اس ممنوع درخت کو کھالینے کے بعد ہمیشہ کے لیے جنت میں رہنے لگیں گے اور کبھی اس سے نہ نکلیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں دوسری جگہ فرمایا ہے، آیت، ، اور شیطان نے قسم کھائی کہ میں تم دونوں کا بہت بڑا خیر خواہ ہوں (الاعراف : 21) 82: یہ خطاب آدم، حوا اور شیطان تینوں کو ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ خطاب صرف آدم اور حوا کو ہو، کیونکہ وہ دونوں افزائش نسلِ انسانی کا ذریعہ تھے۔ حضرت ابوہریرہ (رض) کی روایت ہے، رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے فرمایا کہ سب سے بہترین دن جمعہ کا دن ہے، اسی دن آدم پیدا کیے گئے اور اسی دن جنت میں داخل کیے گئے اور اسی دن وہاں سے نکالے گئے (مسلم، نسائی) 83: یعنی آدم اور ان کی اولاد، ابلیس اور اس کی اولاد کے دشمن ہوں گے، اور معلوم ہے کہ ہر شخص اپنے دشمن کو ہر ممکن طریقے سے نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے۔ کوشش کرتا ہے کہ اس کا دشمن ہر نعمت سے محروم ہوجائے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے، آیت،۔ بے شک شیطان تمہارا دشمن ہے، اس لیے تم اسے دشمن سمجھتے رہو، وہ تو اپنے گروہ والوں کو بلاتا ہے، تاکہ وہ سب جہنمی ہوجائیں (فاطر : 6) اور دوسری جگہ فرمایا آیت، کیا پھر بھی تم اسے اور اس کی اولاد کو مجھے چھوڑ کے اپنا دوست بنا رہے ہو، حالانکہ وہ تمہارا دشمن ہے۔ ایسے ظالموں کا برا بدلہ ہے (الکہف : 50) 84: یعنی دنیاوی زندگی ختم ہونے تک زمین پر رہو گے، پھر دار آخرت کی طرف منتقل ہوجاؤ گے جس کے لیے تم پیدا کیے گئے ہو، اور جو تمہارے لیے بنایا گیا ہے۔ اس میں اشارہ ہے اس طرف کہ دنیا کی زندگی عارضی ہے، یہاں انسان کو اس لیے بھیجا گیا ہے تاکہ آخرت کے لیے تیار ی کرے۔