سورة آل عمران - آیت 139

وَلَا تَهِنُوا وَلَا تَحْزَنُوا وَأَنتُمُ الْأَعْلَوْنَ إِن كُنتُم مُّؤْمِنِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور تم کمزور نہ (95) بنو، اور غم نہ کرو، اور اگر تم ایمان والے ہوگے تو تم ہی سب سے بلند ہوگے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اس آیت میں بھی مسلمانوں کو تسلی ہی دی جارہی ہے، کہ میدان احد میں تمہیں جو زخم لگے ہیں، اور تمہارے جو آدمی قتل ہوگئے، اس سے تمہارے پاؤں میں لغزش نہیں آنی چاہئے، اور تمہیں سست اور کاہل نہیں ہونا چاہئے، اس لیے کہ انجام کار غلبہ تمہیں نصیب ہوگا، اور اسلام کا بول بالا ہوگا، ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ تم اپنے دل مضبوط رکھو، اللہ پر بھروسہ رکھو، اور دشمنوں کی پرواہ نہ کرو۔