سورة الشورى - آیت 19

اللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاءُ ۖ وَهُوَ الْقَوِيُّ الْعَزِيزُ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اللہ اپنے بندوں پر بڑا مہربان (١٤) ہے، وہ جسے چاہتا ہے روزی دیتا ہے، اور وہ قوت والا، زبردست ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(14) اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر بے حد مہربان اور نہایت رحم کرنے والا ہے، اس کا لطف و کرم مومن و کافر اور نیک و بد سب کو شامل ہے، اسی لئے تو وہ سب کو روزی دیتا ہے، کافر کفر کا ارتکاب کرتا ہے اور فاجر فسق و فجور سے دنیا کو بھر دیتا ہے، پھر بھی انہیں ہلاک نہیں کرتا ہے، بلکہ زندگی کی آخری سانس تک کھلاتا اور پلاتا رہتا ہے۔ اور اللہ جسے چاہتا ہے خوب روزی دیتا ہے اور جس پر چاہتا ہے تنگ کردیتا ہے، اس وسعت و تنگی کے بھید کو وہی جانتا ہے، نہ وسعت رزق اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ اس سے راضی ہے اور نہ ہی تنگی رزق اس کی ناراضگی کی دلیل ہے۔