لَّا يَسْأَمُ الْإِنسَانُ مِن دُعَاءِ الْخَيْرِ وَإِن مَّسَّهُ الشَّرُّ فَيَئُوسٌ قَنُوطٌ
آدمی اپنے لئے بھلائی کی دعا (٣٢) کرنے سے نہیں تھکتا، اور اگر اسے کوئی مصیبت لاحق ہوتی ہے، تو اس پر شدید یاس و ناامیدی طاری ہوجاتی ہے
(32) بالعموم لوگوں کی یہ عادت ہوتی ہے کہ وہ اپنے لئے دنیاوی فوائد کی دعا کرنے سے نہیں تھکتے، جب دیکھئے اپنے لئے مال، اولاد اور صحت و عافیت کی دعا کرتے رہتے ہیں اور اگر کبھی انہیں تکلیف پہنچتی ہے، یا فقر و فاقہ کی نوبت آجاتی ہے تو غم سے نڈھال ہوجاتے ہیں اور نا امیدی کا گہرا بادل ان کے دل و دماغ پر چھا جاتا ہے اور سمجھتے ہیں کہ اب وہ ہمیشہ اسی حال میں رہیں گے سدی لکھتے ہیں کہ آیت میں کافر انسان مراد ہے، کیونکہ اسی کے بارے میں اللہ نے کہا ہے : ﴿إِنَّهُ لَا يَيْأَسُ مِنْ رَوْحِ اللَّهِ إِلَّا الْقَوْمُ الْكَافِرُونَ﴾ ” اللہ کی رحمت سے صرف کافر لوگ ناامید ہوتے ہیں“ شو کانی لکھتے ہیں کہ بہتر یہی ہے کہ عام انسان مراد لئے جائیں اور ظاہر ہے کہ اللہ کے مخلص بندے اس میں داخل نہیں ہوں گے۔