سورة السجدة - آیت 4

اللَّهُ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ وَمَا بَيْنَهُمَا فِي سِتَّةِ أَيَّامٍ ثُمَّ اسْتَوَىٰ عَلَى الْعَرْشِ ۖ مَا لَكُم مِّن دُونِهِ مِن وَلِيٍّ وَلَا شَفِيعٍ ۚ أَفَلَا تَتَذَكَّرُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

وہ اللہ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو اور ان دونوں کے درمیان کی ہر چیز کو چھ دنوں (٤) میں پیدا کیا، پھر عرش پر مستوی ہوگیا، اس کے سوا تمہارا نہ کوئی مددگار ہے اور نہ کوئی سفارشی، کیا تم ان باتوں سے نصیحت نہیں حاصل کرو گے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(4) اس آیت کی تفسیر سورۃ الاعراف آیت (45) میں گذر چکی ہے، جس کا خلاصہ یہ ہے کہ جس اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کو اور ان کے درمیان کی تمام مخلوقات کو چھ دنوں میں پیدا کیا ہے، صرف وہی عبادت کے لائق ہے اور’’ استوی علی العرش“ کا معنی و مفہوم بیان کرنے میں سلف صالحین کا مسلک یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ عرش پر اس طرح مستوی ہے جس طرح اس کے مقام اعلیٰ کے لائق ہے، نہ اس کا انکار کیا جاسکتا ہے نہ اسے مخلوق کی صفت کے ساتھ تشبیہ دی جاسکتی ہے اور نہ ہی اس کی کیفیت بیان کی جاسکتی ہے۔ ﴿مَا لَكُمْ مِنْ دُونِهِ مِنْ وَلِيٍّ وَلَا شَفِيعٍ﴾ ” تمام انسانوں کا اللہ کے سوا کوئی حقیقی یار ومدگار نہیں ہے“ اگر وہ کسی کو رسوا کرنا چاہے تو کوئی اسے عزت نہیں دے سکتا اور اگر وہ کسی کو ہلاک و برباد کرنا چاہے تو کوئی اسے بچا نہیں سکتا اور اس کے سوا ان کا کوئی سفارشی نہیں ہے کہ اگر وہ ان کے شرک و معاصی کا انتقام لینا چاہئے تو اس کے حضور سفارش کر کے اس کے غضب سے انہیں بچا لے جب اللہ کے سوا کوئی خالق ارض و سماء نہیں اور نہ اس کے سوا کوئی یار ومددگار اور سفارشی ہے تو پھر انسانوں کو یہ بات کیوں نہیں سمجھ میں آتی کہ اس ذات برحق کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ہے۔