وَلَئِن سَأَلْتَهُم مَّنْ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ لَيَقُولُنَّ اللَّهُ ۚ قُلِ الْحَمْدُ لِلَّهِ ۚ بَلْ أَكْثَرُهُمْ لَا يَعْلَمُونَ
اور اگر آپ ان سے پوچھیں گے (١٨) کہ آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے تو کہیں گے : اللہ آپ کہہ دیجیے کہ تمام تعریفیں صرف اللہ کے لئے ہیں، بلکہ ان میں سے اکثر لوگ جانتے ہی نہیں ہیں
(18) اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے میرے نبی ! اگر آپ ان مشرکین سے پوچھیں گے کہ ان آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے؟ تو وہ کہیں گے، اللہ ۔آپ کہہ دیجیے کہ اللہ کا شکر ہے کہ تمہارے خلاف حجت قائم ہوگئی، جب تم اعتراف کرتے ہو کہ وہی خالق و رازق اور مالک کل ہے، تو پھر تم کس دلیل کی بنیاد پر اس کے سوا دوسرے جھوٹے معبودوں کی پرستش کرتے ہو؟ اللہ نے فرمایا : اکثر و بیشتر مشرکین کی عدم توفیق کا حال یہ ہے کہ ایسی کھلی حقیقت کو بھی نہیں سمجھ پاتے۔