سورة لقمان - آیت 23

وَمَن كَفَرَ فَلَا يَحْزُنكَ كُفْرُهُ ۚ إِلَيْنَا مَرْجِعُهُمْ فَنُنَبِّئُهُم بِمَا عَمِلُوا ۚ إِنَّ اللَّهَ عَلِيمٌ بِذَاتِ الصُّدُورِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور اگر کوئی کفر (١٦) کرتا ہے تو اس کا کفر آپ کو غمگین نہ بنا دے، انہیں ہمارے پاس ہی لوٹ کر آنا ہے، تب ہم انہیں ان کے کرتوتوں کی خبر دیں گے، بے شک اللہ سینوں میں پوشیدہ باتوں کو جانتا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(16) اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ جنہیں اپنے کفر پر اصرار ہے، ان کے کفر کا آپ غم نہ کیجیے، انہیں بہرحال ہمارے پاس ہی لوٹ کر آنا ہے اور ہم انہیں ان کے برے اعمال کی خبر دیں گے اور انہیں ان کی سزا بھگتنی پڑے گی، اللہ تعالیٰ بندوں کے دلوں میں پوشیدہ تمام عقائد و افکار کو خوب جانتا ہے، اس لئے حساب بہت ہی دقیق اور جزا و سزا بالکل عادلانہ ہوگا۔