كَذَٰلِكَ يَطْبَعُ اللَّهُ عَلَىٰ قُلُوبِ الَّذِينَ لَا يَعْلَمُونَ
اللہ تعالیٰ اسی طرح لوگوں کے دلوں میں مہر لگا دیتا ہے جو بے علم ہوتے ہیں
آیت (60,59) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جو لوگ صدق نیت کے ساتھ حق کے طالب نہیں ہوتے، اللہ ان کے دلوں پر اسی طرح مہر لگا دیتا ہے اگر آپ ان کے سامنے ہزار نشانیاں پیش کردیں گے تب بھی ایمان نہیں لائیں گے، اس لئے میرے نبی ! آپ صبر و استقامت کے ساتھ اپنی ذمہ داری پوری کرتے رہئے اور یقین رکھئے کہ اللہ کا وعدہ برحق ہے، وہ اپنے رسولوں کو تنہا نہیں چھوڑ دیتا ہے، ان کی مدد ضرور کرتا ہے اور بالاخر عزت و غلبہ انہی کو حاصل ہوتا ہے، جیسا کہ سورۃ الصافات آیات (173,172,171) میں فرمایا ہے : ﴿لَقَدْ سَبَقَتْ كَلِمَتُنَا لِعِبَادِنَا الْمُرْسَلِينَ إِنَّهُمْ لَهُمُ الْمَنْصُورُونَ وَإِنَّ جُنْدَنَا لَهُمُ الْغَالِبُونَ﴾ ” اور البتہ ہمارا وعدہ پہلے ہی اپنے رسولوں کے لئے صادر ہوچکا ہے کہ یقیناً وہی مدد کئے جائیں گے اور ہمارا ہی لشکر غالب رہے گا۔ “ اے میرے نبی ! مشرکین کا عناد اور کفر پر ان کا اصرار اور آپ کے خلاف ان کی سازشیں کہیں آپ کو طیش عدم صبر اور عدم بردباری میں نہ مبتلا کردیں جو آپ کے شایان شان نہیں۔ آپ کے رب کا وعدہ برحق ہے، وہ آپ کی اور آپ کے مومن ساتھیوں کی ضرور مدد کرے گا اور انجام کار آپ ہی لوگ غالب رہیں گے۔ وباللہ التوفیق