سورة الروم - آیت 40

اللَّهُ الَّذِي خَلَقَكُمْ ثُمَّ رَزَقَكُمْ ثُمَّ يُمِيتُكُمْ ثُمَّ يُحْيِيكُمْ ۖ هَلْ مِن شُرَكَائِكُم مَّن يَفْعَلُ مِن ذَٰلِكُم مِّن شَيْءٍ ۚ سُبْحَانَهُ وَتَعَالَىٰ عَمَّا يُشْرِكُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

وہ اللہ ہے جس نے تمہیں پیدا (٢٦) کیا ہے، پھر تمہیں روزی دی ہے، پھر وہ تمہیں موت دیتا ہے پھر تمہیں زندہ کرے گا، کیا تمہارے شرکاء میں سے کوئی ہے جو ان میں سے کوئی کام کرتا ہے، اس کی ذات پاک و بے عیب ہے اور ان کے شرک سے بہت بلند ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(26) اللہ تعالیٰ نے اپنے مشرک بندوں کو مخاطب کر کے زجر و توبیخ کے طور پر فرمایا کہ اللہ نے ہی تمہیں پیدا کیا ہے اور تمہیں روزی دی ہے، وہی تمہیں ایک عمر مقرر گذار لینے کے بعد موت دے گا اور قیامت کے دن دوبارہ زندہ کرے گا، تمہارے باطل معبودوں میں سے کوئی بھی ان باتوں کی قدرت نہیں رکھتا ہے۔ تو پھر تم ایک اللہ کے بجائے ان بتوں کی کیوں پرستش کرتے ہو۔ اللہ تمام عیوب و نقائص سے پاک ہے اور اس سے بہت ہی بالا و برتر ہے کہ جھوٹے معبود اس کے ساجھی بنائیے جائیں۔