سورة القصص - آیت 79

فَخَرَجَ عَلَىٰ قَوْمِهِ فِي زِينَتِهِ ۖ قَالَ الَّذِينَ يُرِيدُونَ الْحَيَاةَ الدُّنْيَا يَا لَيْتَ لَنَا مِثْلَ مَا أُوتِيَ قَارُونُ إِنَّهُ لَذُو حَظٍّ عَظِيمٍ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

پس وہ ایک دن اپنی قوم کے سامنے اپنے پورے تزک واحتشام کے ساتھ نکلا (٤٢) تو جو لوگ دنیاوی زندگی کے خواہاں تھے انہوں نے کہا اے کاش ہمارے پاس بھی ویسی ہی جائداد ہوتی جیسی قارون کو دی گئی ہے بے شک وہ بڑی قسمت والا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(42) ایک دن قارون اپنی شان وشوکت اور جھوٹی کبریائی کی نمائش کے لیے اپنے تمام جاہ حشم کے ساتھ خوبصورت ترین لباس زیب تن کیے شہر کے شاہراہ پر نکلا جب لوگوں نے اس کا یہ تزک واحتشام دیکھا تو ان کی آنکھیں چکاچوند ہوگئی اور دنیاوی زندگی کے خواہاں حضرات اس کا یہ ٹھاٹھ باٹھ دیکھ کر کہنے لگے کہ کاش ہمارے پاس بھی قارون جیسی دولت ہوتی اور ہم بھی اس کی طرح عیش وعشرت کی زندگی بسر کرتے یہ تو بڑی قسمت کا مالک ہے ۔