سورة القصص - آیت 14
وَلَمَّا بَلَغَ أَشُدَّهُ وَاسْتَوَىٰ آتَيْنَاهُ حُكْمًا وَعِلْمًا ۚ وَكَذَٰلِكَ نَجْزِي الْمُحْسِنِينَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
اور جب موسیٰ اپنی بھرپور جوانی (٩) کو پہنچ گئے اور ان کو جسمانی نشوونما مکمل ہوگئی تو ہم نے انہیں حکمت وعلم دیا اور ہم نیک لوگوں کو اسی طرح اچھابدلہ دیا کرتے ہیں
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(9) جب موسیٰ (علیہ السلام) پورے شباب کو پہنچ گئے اور ان کے اندر پختگی آگئی تو اللہ تعالیٰ نے عمر کے ساتھ ساتھ انہیں حکمت ودانائی سے بھی نوازا اپنے باپ کے گھر میں رہ کر اپنے آباواجداد ابراہیم، اسحاق، یعقوب اور یوسف وغیرہم کی تاریخ دعوت وعزیمت سن سن کر ان کی روح کو بالید گی ملتی گئی اور قصر شاہی سے اتصال کی وجہ سے دنیاوی علوم وحکم سے بہرہ ور ہوتے رہے اور جس طرح صالحہ ماں کے صالح بیٹے کو اللہ نے اپنی نعمتوں سے نوازا اللہ اپنے نیک بندوں کے ساتھ ہمیشہ ایسا ہی برتاؤ کرتا ہے۔