إِنَّ فِرْعَوْنَ عَلَا فِي الْأَرْضِ وَجَعَلَ أَهْلَهَا شِيَعًا يَسْتَضْعِفُ طَائِفَةً مِّنْهُمْ يُذَبِّحُ أَبْنَاءَهُمْ وَيَسْتَحْيِي نِسَاءَهُمْ ۚ إِنَّهُ كَانَ مِنَ الْمُفْسِدِينَ
بے شک فرعون (٤) سرزمین مصر میں بہت متکبر ہوچلا تھا، اور وہاں کے رہنے والوں کو اس نے مختلف گروہوں میں بانٹ دیا تھا، ان میں سے ایک گروہ (بنی اسرائیل) کو اس نے بہت ہی کمزور بنارکھا تھا ان کے لڑکوں کو ذبح کردیتا تھا اور ان کی عورتوں کو زندہ چھوڑ دیتا تھا بے شک وہ بڑا ہی فساد برپا کرنے والا تھا
(4) قصے کا آغاز یوں ہورہا ہے کہ مصرکا بادشاہ ولید بن ریان جو فرعون کے لقب سے جانا جاتا تھاا پنی حکومت وبادشاہت کی رعونت میں بہت آگے بڑھ گیا تھا حتی کہ رب اور معبود ہونے کا دعوی کربیٹھا اور بنی اسرائیل کو مختلف ٹولیوں میں بانٹ کر ان سے غلاموں کی طرح خدمت لیتا تھا ان کے لڑکوں کو قتل کردیتا تھا اور ان کی عورتوں کو زندہ رکھتا تھا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ اس کے قبطی مشیرکاروں نے اس سے کہا تھا کہ بنی اسرائیل میں اگر یونہی افزائش نسل ہوتی رہی تو وہ دن بدن قوی ہوتے جائیں گے یہاں تک کہ ایک دن وہ مصر کی حکومت پر قابض ہوجائیں گے انہوں نے اس کو اپنے باپ دادوں کے حوالے سے ابراہیم کی یہ پیغمبرانہ خبر بھی سنائی تھی کہ فرعون کی حکومت کا خاتمہ ایک ایسے لڑکے کےہاتھوں ہوگا جو ان کی نسل سے ہوگا، اسی لیے اس نے بنی اسرائیل کی افزائش نسل کو روکنے اور بچے کو ختم کرنے کے لیے جس کے ہاتھوں تخت فرعون کو تاراج ہونا تھا، اس نے غلامی کی زندگی بسر کرنے والے بنی اسرائیل کے بچوں کو قتل کرناشروع کردیا اور ان کی عورتوں کولونڈیاں اور خادمائیں بنا کر ان سے خدمت لینے لگا۔