أَمَّن يَبْدَأُ الْخَلْقَ ثُمَّ يُعِيدُهُ وَمَن يَرْزُقُكُم مِّنَ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ ۗ أَإِلَٰهٌ مَّعَ اللَّهِ ۚ قُلْ هَاتُوا بُرْهَانَكُمْ إِن كُنتُمْ صَادِقِينَ
یاوہ اللہ بہتر ہے جو مخلوق کو پہلی بار پیدا کرتا ہے پھر اسے دوبارہ زندہ کرے گا اور جو تمہیں آسمان اور زمین میں سے روزی دیتا ہے کیا اللہ کے ساتھ کوئی اور معبود بھی یہ کام کرتا ہے اے میرے نبی آپ کہہ دیجئے اگر تم سچے ہو تو اپنی دلیل پیش کرو
پانچواں سوال یہ کیا کہ وہ کون ہے جس نے انسانوں کو پہلی بار پیدا کیا ہے اور قیامت سے پہلے پھر سے انہیں دوبارہ زندہ کرے گا، اس کا جواب اس کے سوا کچھ بھی نہیں (تم چاہے مانو یا نہ مانو) کہ وہ اللہ کی ذات ہے جو انہیں دوبارہ زندہ کرے گا اور کون ہے جو آسمان سے بارش برسا کر اور زمین سے پودے اگا کر تمہیں روزی دیتا ہے؟ جواب معلوم ہے کہ وہ اللہ کی ذات ہے جو اس کی قدرت رکھتا ہے، تو پھر تم جو اس کے ساتھ غیروں کو شریک بناتے ہو اور دعوی کرتے ہو کہ تم سچے ہو تو اپنی صداقت کی کوئی عقلی یا نقلی دلیل پیش کر کے دکھاؤ۔