سورة الشعراء - آیت 15

قَالَ كَلَّا ۖ فَاذْهَبَا بِآيَاتِنَا ۖ إِنَّا مَعَكُم مُّسْتَمِعُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اللہ نے کہا ایسا ہرگز نہیں ہوگا، آپ دونوں میرے معجزات لے کر جایئے بیشک ہم آپ کے ساتھ ہوں گے، آپ سب کی گفتگو سنیں گے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

ایسا ہرگز نہیں ہوسکتا کہ وہ لوگ آپ کو قتل کردیں۔ آپ دونوں ہمارے معجزات لے کر جائیے۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ اور فرعون کو دعوت توحید دیتے وقت آپ دونوں کی اس سے جو بات ہوگی اسے ہم سنتے رہیں گے۔ سورۃ طہ آیت 46 میں آیا﴿ إِنَّنِي مَعَكُمَا أَسْمَعُ وَأَرَى ﴾بے شک میں تم دونوں کے ساتھ ہوں، سب کچھ سنتا اور دیکھتا ہوں۔ اور اس اسلوب کلام سے مقصود موسیٰ اور ہارون علیہما السلام کی ہمت افزائی اور اللہ کی جانب سے انہیں یقین دہانی تھی کہ وہ ان دونوں کی حفاظت کرتا رہے گا۔