سورة الفرقان - آیت 49

لِّنُحْيِيَ بِهِ بَلْدَةً مَّيْتًا وَنُسْقِيَهُ مِمَّا خَلَقْنَا أَنْعَامًا وَأَنَاسِيَّ كَثِيرًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

تاکہ اس کے ذریعہ مردہ بستی کو زندہ کریں اور اسے اپنی مخلوقات میں سے بہت سے چوپایوں اور انسانوں کو پلائیں۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اللہ تعالیٰ نے پانی کو پیدا کیا، اسے بارش کی شکل میں زمین پر برسایا، انسانوں اور حیوانات کے اجسام کو اس کا محتاج بنایا، اور پھر انہیں اس کا پینا اور استعمال کرنا سکھایا، یہ ساری باتیں اس کے رب ہونے کی دلیل ہیں۔ یہ آیت اور سورۃ الانفال کی آیت 11 ﴿وَيُنَزِّلُ عَلَيْكُمْ مِنَ السَّمَاءِ مَاءً لِيُطَهِّرَكُمْ بِهِ﴾ دلیل ہے کہ پانی کو اللہ نے پاک کرنے والا بنایا ہے، نبی کریم (ﷺ) نے فرمایا کہ بے شک پانی پاک ہے اسے کوئی چیز ناپاک نہیں کرتی ہے (ابو داود، نسائی، ترمذی اور ابن ماجہ) پانچویں دلیل۔ بارش کے پانی میں اللہ کا تصرف ہے کہ کبھی ایک علاقے میں بارش ہوتی ہے اور دوسرا علاقہ خشک رہتا ہے۔ اللہ اپنی حکمت کے تقاضوں کے مطابق اسے جہاں چاہتا ہے بھیجتا ہے، اور جہاں سے چاہتا ہے، اسے روک لیتا ہے، اس کی مرضی میں کوئی دخل نہیں دے سکتا۔ بہت سے مفسرین کے نزدیک صرفنا سے مراد وہ تمام نشانیاں ہیں جن کا اوپر ذکر ہوا ہے۔ یعنی اللہ نے سایہ، بادل اور بارش کو قرآن اور دیگر آسمانی کتابوں میں بار بار اس لیے ذکر کیا ہے تاکہ لوگ ان میں غور و فکر کر کے اللہ کی توحید ربوبیت کے قائل ہوں، اور اس کے ساتھ عبادت میں کسی کو شریک نہ کریں۔