سورة النور - آیت 1
سُورَةٌ أَنزَلْنَاهَا وَفَرَضْنَاهَا وَأَنزَلْنَا فِيهَا آيَاتٍ بَيِّنَاتٍ لَّعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
یہ ایک سورت ہے (١) جسے ہم نے نازل کی ہے اور اس میں بیان کردہ احکام کو ہم نے فرض کردیا ہے، اور ہم نے اس میں کھلی آیتیں نازل کی ہیں، تاکہ تم لوگ نصیحت حاصل کرو۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
1۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ کلمہ’’ سورۃ‘‘ کو نکرہ لانے سے مقصود نبی کریم (ﷺ) اور مسلمانوں کو متنبہ کرنا ہے کہ اسے اللہ تعالیٰ نے نازل کیا ہے، محمد یا کسی اور انسان کا کلام نہیں ہے، اور اس میں جو احکام بیان کیے گئے ہیں وہ بہت ہی اہم ہیں اور ان پر عمل کرنا فرض ہے، نیز وہ احکام بہت ہی واضح ہیں ان کے سمجھنے میں کوئی التباس نہیں پایا جاتا ہے، تاکہ امت مسلمہ بآسانی ان پر عمل کرے۔