سورة الحج - آیت 3

وَمِنَ النَّاسِ مَن يُجَادِلُ فِي اللَّهِ بِغَيْرِ عِلْمٍ وَيَتَّبِعُ كُلَّ شَيْطَانٍ مَّرِيدٍ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور بعض لوگ اللہ کے بارے میں بغیر جانے سمجھے جھگڑتے (٢) ہیں اور ہر سرکش و گمراہ شیطان کی پیروی کرتے ہیں۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(2) مفسرین کہتے ہیں کہ یہ آیت کریمہ نضر بن حارث کے بارے میں نازل ہوئی تھی، جو بڑا جھگڑا لو تھا، اور اس بات کا منکر تھا کہ اللہ تعالیٰ مردوں کو دوبارہ زندہ کرے گا۔ بعض مفسرین کا خیال ہے کہ یہ آیت ولید بن مغیرہ اور عتبہ بن ربیعہ کے بارے میں نازل ہوئی تھی، بہرحال آیت چاہے جس کے بارے میں بھی نازل ہوئی ہو، لیکن اس کا مفہوم عام ہے اور ہر اس آدمی کو شامل ہے جو اللہ تعالیٰ کی قدرت کاملہ اور نبی کریم (ﷺ)کی نبوت کا انکار کرتا ہے، اللہ کے لیے اولاد ثابت کرتا ہے اور خیر و صلاح سے دور ہر شیطان کی اتباع کرتا ہے۔