سورة طه - آیت 69

وَأَلْقِ مَا فِي يَمِينِكَ تَلْقَفْ مَا صَنَعُوا ۖ إِنَّمَا صَنَعُوا كَيْدُ سَاحِرٍ ۖ وَلَا يُفْلِحُ السَّاحِرُ حَيْثُ أَتَىٰ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور آپ کے دائیں ہاتھ میں جو لاٹھی ہے اسے زمین پر ڈال دیجیے وہ ان کے تمام بناوٹی سانپوں کو ہڑپ جائے گی انہوں نے جو بنایا ہے وہ ایک جادوگر کا مکر و فریب ہے اور جادوگر جدھر سے آئے کامیاب نہیں ہوگا۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

آپ کے دائیں ہاتھ میں جو لاٹھی ہے اسے زمین پر ڈال دیجیے، انہوں نے ایسا ہی کیا، اور وہ لاٹھی ایک مہیب و عظیم اژدھا بن کر جادوگروں کی لاٹھیوں اور رسیوں کو نگلنے لگی، اور تمام لوگ اور جادوگر اپنی آنکھوں سے یہ سب کچھ دیکھتے رہے، یہاں تک کہ میدان میں ایک سانپ بھی باقی نہ رہا، اور جادو شکست کھا گیا اور اللہ کا معجزہ غالب آگیا، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے آگے فرمایا کہ انہوں نے جو کچھ بنایا تھا وہ جادوگروں کا کرتب تھا، اور جادوگر کوئی بھی چال چلے کامیاب نہیں ہوسکتا۔