سورة مريم - آیت 50

وَوَهَبْنَا لَهُم مِّن رَّحْمَتِنَا وَجَعَلْنَا لَهُمْ لِسَانَ صِدْقٍ عَلِيًّا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور ہم نے انہیں رحمت سے نوازا، اور ان کی نیک نامی کو اونچا کیا۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اور سب کو یعنی ابراہیم، اسحاق، اور یعقوب علیہم السلام کو اللہ نے اپنے فضل و کرم اور اپنی رحمت کا وافر حصہ عطا کیا، نبوت دی اولاد صالح دی، روزی دی اور بیت المقدس کی سرزمین کا مالک بنایا، اور اقوام عالم میں ان سب کو نیک نامی دی، چنانچہ تمام اصحاب ملل و ادیان ابراہیم اور اولاد ابراہیم کی تعریف کرتے ہیں، اور ان کی جانب اپنی نسبت کرتے ہیں۔ بخاری و مسلم کی صحیح حدیث ہے نبی کریم سے پوچھا گیا کہ سب سے اچھے لوگ کون ہیں؟ تو آپ نے فرمایا یوسف نبی اللہ بن یعقوب نبی اللہ بن اسحاق نبی اللہ بن ابراہیم خلیل اللہ۔ ایک دوسری روایت میں ہے : کریم بن کریم بن کریم بن کریم یوسف بن یعقوب بن اسحاق بن ابراہیم ہیں۔