عَسَىٰ رَبُّكُمْ أَن يَرْحَمَكُمْ ۚ وَإِنْ عُدتُّمْ عُدْنَا ۘ وَجَعَلْنَا جَهَنَّمَ لِلْكَافِرِينَ حَصِيرًا
امید ہے تمہارا رب تم پر رحم کردے، اور اگر تم پھر سرکشی کی طرف لوٹو گے تو ہم اسی کاروائی کی طرف لوٹ جائیں گے اور ہم نے جہنم کو کافروں کے قید کرنے کی جگہ بنائی ہے۔
آیت (8) میں اشارہ کیا گیا ہے کہ ان کے ساتھ جو کچھ ہوا ان کے برے اعمال کا نتیجہ تھا اور اس لیے ہوا تاکہ وہ دوبارہ اللہ کی طرف رجوع کریں اپنے گناہوں سے تائب ہوں اور تورات کے مطابق اپنی زندگی گزاریں، اس لیے کہ اب تو انہیں معلوم ہوگیا کہ اللہ تعالیٰ کا عذاب گناہوں کی وجہ سے آتا ہے، اور نجات توبہ کے ذریعہ ملتی ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ بنی اسرائل اپنی توبہ پر قائم نہیں رہے اور سہ بارہ تمرد اور سرکشی کی زندگی اختیار کی تو اللہ تعالیٰ نے سہ بارہ ان پر ان کے دشمنوں کو مسلط کردیا۔ قرآن کریم کے اس اجمال کو سمجھنے کے لیے تھوڑی تفصیل کی ضرورت ہے جو مندرجہ ذیل ہے : کہتے ہیں کہ عیسیٰ (علیہ السلام) سے تقریبا نو سو سال پہلے، سلیمان (علیہ السلام) کی موت کے بعد ان کے لڑکے نے زمام حکومت سنبھالی جس نے اپنی قوم کے لیے بتوں کی عبادت کو جائز قرار دے دیا۔ چناچہ مصر کے بادشاہ نے بیت المقدس پر حملہ کر کے ہیکل سلیمانی یعنی مسجد اقصی کے خزانے لوٹ لئے، اور حالت بایں جارسید کہ ملک کے دو ٹکڑے ہوگئے۔ ایک کا نام مملکت یہوذا پڑا جو یہوذا اور بنیامین کی اولاد پر مشتمل تھی، اور دوسرے کا نام مملکت اسرائیل پڑا جو یعقوب (علیہ السلام) کے دوسرے دس بیٹوں کی اولاد سے بنی تھی۔ مملکت اسرائیل کا پہلا بادشاہ یربعام بنا جس نے سونے کے دو بچھڑے بنا کر اپنی رعایا کو ان کی عبادت کا حکم دیا، تاکہ انہیں بیت المقدس نہ جانا پڑے، اس لیے کہ اسے ڈر تھا کہ وہاں جاکر کہیں مملکت یہوذا کے بادشاہ سلیمان کے بیٹے کی تائید نہ کرنے لگیں، ان لوگوں نے ڈھائی سو سال تک حکومت کی، اس بیچ میں ان کے بعض بادشاہوں نے بت پرستی کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن پھر پہلی حالت عود کر آئی تھی۔ جب ان کے گناہ بہت زیادہ بڑھ گئے تو اللہ تعالیٰ نے ان پر اشور کے بادشاہ کو مسلط کردیا جس کے ہاتھوں مملکت اسرائیل کا خاتمہ ہوگیا۔ اس کے بعد مملکت یہوذا بیس سال سے کچھ زیادہ دونوں تک باقی رہی۔ بالآخر ان کا بادشاہ ایک بڑا ہی خبیث اور مشرک آدمی بنا جس کے گناہوں کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ان پر بابل کے بادشاہ بخت نصر کو مسلط کردیا، جس نے ان میں سے بہتوں کو غلام بنا لیا۔ یہ ان کی پہلی ذلت و رسوائی تھی جس کی طرف قرآن نے اشارہ کیا ہے۔ اس کے بعد اس کا بیٹا بادشاہ بنا جو اپنے باپ ہی کے مانند تھا چنانچہ آٹھ سال کے بعد دوبارہ بخت نصر نے پھر ان پر چڑھائی کی اور خوب لوٹ مار کیا اور بہتوں کو غلام بنا لیا، یہ ان کی دوسری ذلت و رسوائی تھی۔ ان کا آخری بادشاہ تمام اگلے بادشاہوں سے برا تھا اس لیے اللہ تعالیٰ نے سہ بارہ شاہ بابل کو ان کے خلاف فوج کشی پر ابھارا، اس نے بیت المقدس کا محاصرہ کیا اس بادشاہ کو پابند سلاسل کیا، شہر اور ہیکل سلیمانی کو جلا کر خاکستر کردیا، اور کچھ مسکینوں کے علاوہ تمام قوم یہوذا کو غلام بنا لیا، اور انہیں جانوروں کی طرح ہانک کر بابل لے گیا، اور مملکت یہوذا کا خاتمہ ہوگیا، یہ ان کی تیسری ذلت و رسوائی تھی۔ ستر سال کے بعد جب غلامی سے آزاد کیے گئے تو دوبارہ آکر فلسطین میں آباد ہوئے، لیکن اس کے بعد ہمیشہ کسی نہ کسی کے زیر اثر ہی رہے۔ فارس و یونان اور روم کے بادشاہوں نے انہیں کبھی بھی چین سے نہ رہنے دیا، یہاں تک کہ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے بیت المقدس کو فتح اور صخرہ سے قبلہ کی جانب مسجد تعمیر کی جسے دوبارہ ولید بن عبدالملک نے بنوائی جو اب تک باقی ہے۔