هَٰذَا بَلَاغٌ لِّلنَّاسِ وَلِيُنذَرُوا بِهِ وَلِيَعْلَمُوا أَنَّمَا هُوَ إِلَٰهٌ وَاحِدٌ وَلِيَذَّكَّرَ أُولُو الْأَلْبَابِ
یہ لوگوں کے لیے اللہ کا پیغام (٤٠) ہے، اور تاکہ انہیں اس کے ذریعہ ڈرایا جائے اور تاکہ وہ جان لیں کہ بیشک اللہ اکیلا معبود ہے اور تاکہ عقل والے نصیحت حاصل کریں۔
(40) یہ سورت نصیحت اور سیدھی راہ کی طرف رہنمائی حاصل کرنے کے لیے کافی ہے، اور جو شخص اس میں مذکور احکام و نصائح پر عمل پیرا ہوگا اسے دنیا و آخرت کی نیک بختی حاصل ہوگی، اور اللہ کی وحدانیت پر دلالت کرنے والے جو دلائل اس میں بیان ہوئے ہیں، ان میں غور و فکر کرنے سے اسے یقین ہوجائے گا کہ اللہ ایک ہے، اس کا کوئی شریک نہیں ہے، بعض لوگوں نے یہاں قرآن کریم کی طرف اشارہ مراد لیا ہے، اس لیے کہ پورا قرآن کریم ہدایت و رہنمائی کا سرچشمہ ہے، اور باری تعالیٰ کی وحدانیت پر دلالت کرنے والے دلائل و براہین سے پر ہے، اس دوسرے قول کی تائید اس سورت کی پہلی آیت سے بھی ہوتی ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : یعنی یہ قرآن ایک ایسی کتاب ہے جسے ہم نے آپ پر نازل کیا ہے، تاکہ آپ لوگوں کو ان کے رب کے حکم سے ظلمتوں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جائیں۔ وباللہ التوفیق