يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اسْتَعِينُوا بِالصَّبْرِ وَالصَّلَاةِ ۚ إِنَّ اللَّهَ مَعَ الصَّابِرِينَ
اے ایمان والو، صبر (228) اور نماز سے مدد لو، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ (229) ہے
228: اللہ تعالیٰ نے بندوں کو شکر ادا کرنے کا حکم دینے کے بعد، اس آیت میں صبر اور نماز کی اہمیت بیان کی ہے اور بتایا ہے کہ مؤمن کی زندگی میں ان دونوں چیزوں کی بڑی اہمیت ہے، اور اللہ کی راہ میں مصائب کو جھیل جانے کا اہم ترین نسخہ صبر اور نماز ہے۔ اسی لیے تو اللہ نے اسی سورت کی آیت 45 میں فرمایا ہے، ۔ اور تم لوگ صبر اور نماز سے مدد لو، اور یہ نماز اللہ کے لیے عاجزی اختیار کرنے والوں کے علاوہ لوگوں پر بڑا بھاری گذرتا ہے۔ اور مسند احمد میں حذیفہ بن یمان (رض) سے مروی ہے کہ رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم م) کو جب کوئی اہم معاملہ پیش آتا، تو نماز پڑھتے تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صبر کی تین قسمیں ہیں : 1۔ محرمات اور معاصی سے اجتناب پر صبر کرنا۔ 2۔ اعمال صالحہ اور اللہ کی اطاعت ٦ پر صبر کرنا۔ 3۔ مصائب و حادثات زمانہ پر صبر کرنا۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ (رح) اپنی کتاب السیاسۃ الشرعیۃ میں لکھتے ہیں کہ حاکم کے لیے بالخصوص اور رعایا کے لیے بالعموم تین چیزیں عظیم مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ 1۔ اللہ کے لیے اخلاص، اور دعا اور غیر دعا کے ذریعہ اس پر توکل، اور دل و جان سے نماز کی حفاظت و پابندی، جو اللہ کے لیے اخلاص کی اصل ہے۔ 2۔ مخلوق کے ساتھ بھلائی کرنا اور زکاۃ ادا کرنا۔ 3۔ تکلیف، مصیبت اور حادثاتِ زمانہ کے وقت صبر کرنا۔ انتہی۔ 229: اللہ تعالیٰ نے خبر دی ہے کہ وہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے اور یہاں (معیت) سے مراد ” معیت خاصۃ“ ہے، جو اللہ کی محبت اور اس کی نصرت و قربت پر دلالت کرتی ہے۔ یعنی اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، ان سے محبت کرتا ہے اور ان کی مدد کرتا ہے۔ اور صبر کرنے والوں کے لیے اس سے بڑھ کر اور کیا فضیلت ہوسکتی ہے کہ اللہ ان کے ساتھ ہے اور معیت کی ایک دوسرے قسم معیت عامہ ہے یعنی اللہ اپنے علم وقدرت کے ذریعہ اپنے بندوں کے ساتھ ہے جیسا کہ اللہ نے فرمایا ہے ۔ اور یہ معیت تمام مخلوق کے لیے ہے۔