سورة ھود - آیت 14

فَإِلَّمْ يَسْتَجِيبُوا لَكُمْ فَاعْلَمُوا أَنَّمَا أُنزِلَ بِعِلْمِ اللَّهِ وَأَن لَّا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۖ فَهَلْ أَنتُم مُّسْلِمُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

پس اے مومنو ! اگر وہ لوگ تمہارا مطالبہ پورا نہ کرسکیں تو ان سے کہہ دو کہ اب تو یقین کرلو کہ یہ قرآن اللہ کا علم لے کر اترا ہے، اور یہ کہ اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، تو کیا اب تم مسلمان ہوجاؤ گے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اسی لیے اللہ تعالیٰ نے آیت (14) میں فرمایا کہ مسلمانو ! اگر کفار عرب تمہارے اس چیلنج کا جواب نہ دے سکیں، تو تمہارے علم و یقین میں اضافہ اور پختگی آجانی چاہیئے کہ وہ ایسا نہیں کرسکتے ہیں، اس لیے کہ اس قرآن کا معجزانہ نظم اور اس کی ترتیب کسی انسان کے بس کی بات نہیں ہے، اور اس میں جن غیبی امور کی خبر دی گئی ہے انہیں اللہ کے سوا کوئی نہیں جان سکتا ہے، اور تمہیں اس بات کا بھی پختہ یقین ہونا چاہیے کہ یہ اس اللہ کا کلام ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، اور یہ کہ غیروں کو اس کا شریک بنانا ظلم عظیم ہے۔