قُولُوا آمَنَّا بِاللَّهِ وَمَا أُنزِلَ إِلَيْنَا وَمَا أُنزِلَ إِلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَإِسْمَاعِيلَ وَإِسْحَاقَ وَيَعْقُوبَ وَالْأَسْبَاطِ وَمَا أُوتِيَ مُوسَىٰ وَعِيسَىٰ وَمَا أُوتِيَ النَّبِيُّونَ مِن رَّبِّهِمْ لَا نُفَرِّقُ بَيْنَ أَحَدٍ مِّنْهُمْ وَنَحْنُ لَهُ مُسْلِمُونَ
(اے مسلمانو !) تم کہو کہ ہم اللہ پر ایمان (١٩٩) لائے اور اس کتاب پر جو ہماری طرف بھیجی گئی اور ان تعلیمان پر بھی جو ابراہیم، اسماعیل، اسحاق، یعقوب اور ان کی اولاد پر اتریں، اور ان تمام کتابوں اور تعلیمات پر جو موسیٰ و عیسیٰ اور دیگر انبیاء کو ان کے رب کی طرف سے ملیں، ہم ان انبیاء کے درمیان تفریق نہیں کرتے، اور ہم اسی اللہ کے اطاعت گذار ہیں
199: اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو تعلیم دی ہے کہ رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) پر جو کتاب نازل ہوئی اس پر مفصل طور پر ایمان لائیں، اور گذشتہ انبیائے کرام پر جو کتابیں نازل ہوئیں تھیں ان پر مجمل طور پر ایمان رکھیں، اور بغیر تفریق سب پر ایمان رکھیں، یہود و نصاریٰ کی طرح نہ کریں کہ کسی پر ایمان کا دعوی کریں اور کسی کا انکار کریں۔ حضرت امام بخاری (رح) نے ابوہریرہ (رض) سے روایت کی ہے کہ اہل کتاب (یہود) تورات عبرانی زبان میں پڑھتے تھے، اور اس کی تفسیر عربی زبان میں مسلمانوں کو بتاتے تھے، تو آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے کہا کہ اہل کتاب کی نہ تصدیق کرو اور نہ تکذیب اور ان سے کہو کہ ہم تو اللہ پر اور اس کی کتاب پر ایمان لے آئے ہیں جو ہم پر اتری ہے (پھر آپ نے پوری آیت پڑھی) فوائد : 1۔ اس آیت کریمہ میں وہ تمام چیزیں سمیٹ دی گئی ہیں جن پر ایمان لانا واجب ہے۔ ایمان کا لفظ بولاجائے گا تو ارکان اسلام اور اعمال صالحہ سبھی داخل ہوں گے، اسی طرح جب صرف اسلام کا لفظ بولا جائے گا تو اس میں ایمان داخل ہوگا، اور جب دونوں ایک ساتھ بولے جائیں گے تو ایمان دل کے اقرار و تصدیق کا نام ہوگا اور اسلام ظاہری اعمال کا۔ 2: قولوا آمنا : یعنی زبان سے کہو ہم ایمان لے آئے، دراں حالیکہ دل اس کی تصدیق کر رہا ہو، اس لیے کہ اس کے بغیر ثواب و جزا کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ اسی طرح اگر دل کے اعتقاد کی تائید عمل سے نہیں ہوتی تو وہ بھی تقریباً بے اثر اور بے فائدہ ہے۔ 3: قولوا : اس میں اشارہ ہے اس طرف کہ مسلمان اپنے عقیدہ کا اعلان کرتا ہے، اور اس کی طرف دوسروں کو دعوت دیتا ہے۔ 4: آمنا : جمع کا صیغہ، اشارہ ہے اس بات کی طرف کہ امت اسلامیہ کے تمام افراد کی یہ ذمہ داری ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی کے ساتھ تھامے رہیں، اور افتراق کو قبول نہ کریں۔ 5: آمنا باللہ : یعنی ہم ایمان لائے اس اللہ پر جو واجب الوجود ہے، واحد ہے، احد ہے، ہر صفت کمال کے ساتھ متصف ہے، ہر نقص و عیب سے پاک ہے، جو اکیلا تمام انواعِ عبادت کا مستحق ہے، اور جس کا کوئی کسی بھی حیثیت سے شریک نہیں۔ 6: وما انزل الینا : قرآن و سنت دونوں کو شامل ہے، جیسا کہ اللہ نے فرمایا، ، اور اللہ نے آپ پر قرآن و حکمت دونوں اتارا ہے، قرآن و سنت پر ایمان لانے کا مطلب یہ ہے کہ مسلمان ان دونوں میں موجود تمام صفات باری تعالیٰ، صفات انبیاء و رسل، یوم آخرت، غیبی امور اور احکام شریعہ پر ایمان رکھتا ہے۔ 7۔ ۔ تمام کتب سماویہ اور تمام انبیاء پر وجوب ایمان کی دلیل ہے یعنی سب پر ایمان لانا ضروری ہے۔