سورة یونس - آیت 1
الر ۚ تِلْكَ آيَاتُ الْكِتَابِ الْحَكِيمِ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
الر (١) یہ حکمت والی کتاب (قرآن کریم) کی آیتیں ہیں۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(1) حروف مقطعات کے بارے میں سورۃ بقرہ کی ابتدا میں لکھا جاچکا ہے کہ جمہور محدثین کے نزدیک بہتر رائے یہی ہے کہ اس کا صحیح مفہوم اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے۔ کتاب حکیم سے مراد قرآن کریم ہے اور ھذہ اسم اشارہ قریب کے بجائے تلک اسم اشارہ بعید کے استعمال سے مقصود قرآن کریم کی عظمت شان بیان کرنا ہے۔ قرآن کریم کی صفت حکیم اس اعتبار سے لائی گئی ہے کہ یہ وہ کتاب محکم ہے جس میں حلال و حرام اور حدود و احکام تفصیل کے ساتھ بیان کردئے گئے ہیں، یا یہ کہ حکیم بمعنی حاکم ہے اس لیے کہ قرآن لوگوں کے درمیان فیصلہ کرتا ہے یا حکیم بمعنی محکوم فیہ ہے، اس لیے کہ اللہ نے اس میں پورے عدل و انصاف کے ساتھ تمام امور میں فیصلے صادر فرمائے ہیں۔