سورة التوبہ - آیت 108

لَا تَقُمْ فِيهِ أَبَدًا ۚ لَّمَسْجِدٌ أُسِّسَ عَلَى التَّقْوَىٰ مِنْ أَوَّلِ يَوْمٍ أَحَقُّ أَن تَقُومَ فِيهِ ۚ فِيهِ رِجَالٌ يُحِبُّونَ أَن يَتَطَهَّرُوا ۚ وَاللَّهُ يُحِبُّ الْمُطَّهِّرِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

آپ اس میں کبھی نہ کھڑے ہوں، یقینا وہ مسجد (٨٦) جس کی بنیاد روز اول سے تقوی پر ہے زیادہ مستحق ہے کہ آپ اس میں کھڑے ہوں اس میں ایسے لوگ ہوتے ہیں جو پاک رہنا پسند کرتے ہیں اور اللہ پاک رہنے والوں کو پسند کرتا ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(86) اس سے مراد مسجد قبا ہے حدیث میں اس مسجد کی بڑی فضیلت آئی ہے، صحیحین کی روایت ہے کہ نبی کریم کبھی پیدل اور کبھی سواری پر اس مسجد کی زیارت کے لیے جاتے تھے اور اس میں دورکعت نماز پڑھتے تھے بہت سے صحابہ کرام کی رائے ہے کہ اس سے مراد مسجد نبوی ہے، اور ابو سعید خدری کی ایک صحیح حدیث سے اس کی تائید بھی ہوتی ہے کہ دو شخصوں کے درمیان اس کے بارے میں اختلاف ہوا کہ وہ کون سی مسجد ہے جس کی بنیاد روز اول سے تقوی پر رکھی گئی ہے، تو نبی کریم نے فرمایا کہ وہ میری مسجد ہے، اس حدیث کو مسلم، نسائی اور ترمذی نے روایت کی ہے، لیکن ایک اور حدیث ہے جسے امام ابو داؤد اور طبرانی نے عویم بن ساعدہ انصاری سے روایت کی ہے کہ نبی کریم مسجد قبا میں تشریف لائے اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تم لوگوں کی مسجد کے واقعہ میں تمہاری طہارت کی تعریف کی ہے، تو تم لوگ کس طرح طہارت حاصل کرتے ہو؟ لوگوں نے کہا کہ اے اللہ کے رسول ہم اپنی شرمگاہ اور نجاست کی جگہ کو پانی سے دھوتے ہیں، اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مسجد قبا ہے۔ اسی لیے حافظ ابن کثیر نے کہا ہے کہ جب مسجد قبا وہ مسجد ہے جس کی بنیاد طہارت پر رکھی گئی ہے تو مسجد نبوی بدرجہ اولی وہ مسجد ہے۔