إِنَّمَا يَسْتَأْذِنُكَ الَّذِينَ لَا يُؤْمِنُونَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ وَارْتَابَتْ قُلُوبُهُمْ فَهُمْ فِي رَيْبِهِمْ يَتَرَدَّدُونَ
آپ سے اجازت صرف وہ لوگ مانگتے ہیں جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان نہیں رکھتے ہیں، اور ان کے دل شک میں پڑگئے ہیں، پس وہ اپنے اسی شک میں سرگرداں ہیں
یہاں نبی کریم (ﷺ) سے عفودرگذر کا ذکر انہیں عتاب کرنے سے پہلے اس لیے آیا ہے تاکہ عتاب پر آپ کو کوئی حزن وملال نہ ہوا اور معلوم ہوجائے کہ اگر چہ منافقین کو اجازت دے دینا منا سب نہیں تھا لیکن اللہ نے اسے درگذر فرمادیا۔ قتادہ کہتے ہیں کہ اس آیت کے بعد سورۃ نور کی آیت (62) نازل ہوئی اور رسول اللہ (ﷺ) کو خبر دی ہے گئی وہ جسے چاہیں کسی بات یا کام کی اجازت دے سکتے ہیں۔ امام شوکانی نے دونوں آیتوں میں اس طرح تطبیق دی ہے اس آیت کر یمہ میں پو ری طرح چھان بین کرنے سے پہلے اجازت دے دینے کی بات کی گئی جو اللہ کے نزدیک معلوم مصلحت کے خلاف تھی اور سورۃ نور والی آیت بتاتی ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) کو اس آیت کے نازل ہونے کے پہلے سے ہی اللہ کی طرف سے اختیار تھا کہ آپ چھان بین کرنے کے بعد جس کو چاہیں اجازت دیں۔