انفِرُوا خِفَافًا وَثِقَالًا وَجَاهِدُوا بِأَمْوَالِكُمْ وَأَنفُسِكُمْ فِي سَبِيلِ اللَّهِ ۚ ذَٰلِكُمْ خَيْرٌ لَّكُمْ إِن كُنتُمْ تَعْلَمُونَ
(مسلمانو ! راہ جہاد میں نکلو (33) ہلکے ہو تب اور بھاری ہو تب، اور اپنے مال و دولت اور اپنی جانوں کے ذریعہ اللہ کی راہ میں جہاد کرو، اگر تمہارے پاس کچھ علم ہے تو (جان لو کہ) یہی تمہارے لیے بہتر ہے
(33) اس آیت کریمہ میں اللہ تعالی کی راہ میں جہاد کے لیے نکلنے کا صریح حکم ہے کہ مسلمان جس حال میں بھی ہوں قوی ہوں یا ضعیف، مالدار ہوں یا فقیر، جوان ہوں یا بوڑھے سوار ہوں یا پیدل جہاد کے لیے نکل کھڑے ہوں بہت سے صحابہ کرام اسی آیت کے پیش نظر کسی بھی غزوہ سے غیر حاضر نہیں رہے لیکن جہاد کے اس حکم عام میں کمزور اور مریض شامل نہیں ہیں جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے اسی سوررت کی آیت (91) میں فرمایا ہے اور نہ اندھے اورلنگڑے شامل ہیں، جیسا کہ سورۃ نور آیت (61) میں فرمایا ہے اس کے بعد اللہ کی راہ میں جان ومال کے ذریعے جہاد کی ترغیب دلائی گئی ہے تاکہ فقراء اپنی جانوں کے ذریعہ اور مالدار اپنی جانوں اور مال ودولت کے ذریعہ جہاد کریں اس لیے کہ جہاد اسلام کا ایک عظیم ترین فریضہ ہے اور عام حالات میں یہ فرض کفایہ ہے لیکن اگر حالات ایسے پید اہو جائیں کہ دشمن کے مقابلے کے لیے تمام مسلمانوں کا نکل کھڑا ہونا ضروری ہوجائے تو فرض عین ہوجاتا ہے۔