قُلْ مَنْ حَرَّمَ زِينَةَ اللَّهِ الَّتِي أَخْرَجَ لِعِبَادِهِ وَالطَّيِّبَاتِ مِنَ الرِّزْقِ ۚ قُلْ هِيَ لِلَّذِينَ آمَنُوا فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا خَالِصَةً يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۗ كَذَٰلِكَ نُفَصِّلُ الْآيَاتِ لِقَوْمٍ يَعْلَمُونَ
آپ کہئے کہ اللہ کی زینت کو کس نے حرام (22) کیا ہے جو اس نے اپنے بندوں کے لیے پیدا کیا ہے، اور پاکیزہ روزی کو؟ آپ کہئے کہ یہ چیزیں اہل ایمان کے لیے دنیا میں ہیں، اور قیامت کے دن صرف انہی کو ملیں گی، ہم اپنی آیتیں ان کے لیے جو علم رکھتے ہیں اسی طرح کھول کر بیان کرتے ہیں
[٣١] ٭ترک دنیا کی مذمت :۔ اللہ تعالیٰ نے تو لباس اور زینت اور کھانے پینے کی سب حلال چیزیں اپنے بندوں کے فائدہ اٹھانے ہی کے لیے پیدا کی ہیں، اب جو لوگ گدڑی پہنتے، کم سے کم خوراک کھاتے، لذائذ دنیا کو ترک کرتے، راتوں کو ریاضتیں کرتے اور نکاح سے اس لیے پرہیز کرتے ہیں کہ یہ ان کے روحانی ارتقاء میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے تو ایسے روحانی ارتقاء کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام میں روحانی ارتقاء کا راستہ ترک دنیا پر قطعاً منحصر نہیں ہے بلکہ یہ راستہ معاملات دنیا کو احسن طریقے پر ادا کرتے ہوئے اسی دنیا سے آگے چلتا ہے جس میں جسم کی بھی پرورش ہو اور روح کی بھی۔ اور جو لوگ ترک دنیا کی راہ اختیار کر کے روحانی ارتقاء چاہتے ہیں تو یہ پابندیاں اللہ نے قطعاً نہیں لگائیں یہ ان کی اپنی خودساختہ ہیں اللہ تو یہ چاہتا ہے کہ اس نے کسی شخص پر جو انعام کیے ہیں ان کا اثر اس کے طرز زندگی سے ظاہر ہونا چاہیے اس سلسلہ میں درج ذیل حدیث بھی ملاحظہ فرمائیے۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ تین آدمی (عمرو بن عا ص رضی اللہ عنہ، علی رضی اللہ عنہ اور عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ازواج کے گھروں کے قریب آئے اور ازواج مطہرات سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عبادت کا حال پوچھا جب انہیں آپ کی عبادت کی خبر دی گئی تو انہوں نے اسے کمتر سمجھا اور کہا : ’’ کہاں ہم اور کہاں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان کی تو اگلی پچھلی سب لغزشیں معاف ہو چکیں۔‘‘ پھر ان میں سے ایک نے کہا: ’’میں ہمیشہ ساری رات قیام کیا کروں گا۔‘‘ دوسرے نے کہا : ’’میں ہمیشہ روزے رکھا کروں گا، افطار نہ کروں گا۔‘‘ تیسرے نے کہا : ’’میں عورتوں سے علیحدہ رہوں گا کبھی نکاح نہ کروں گا۔‘‘ اتنے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی تشریف لے آئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کی گفتگو کی خبر دی گئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے کہا تم ہی ہو جنہوں نے ایسا اور ایسا کہا تھا ؟ سنو اللہ کی قسم! میں تم سب سے زیادہ اللہ سے ڈرنے والا اور سب سے زیادہ متقی ہوں لیکن میں روزے رکھتا بھی ہوں اور افطار بھی کرتا ہوں میں رات کو نماز بھی پڑھتا ہوں اور سوتا بھی ہوں اور میں عورتوں سے نکاح بھی کرتا ہوں اب جس شخص نے میری سنت (طریقے) سے بے رغبتی کی اس کا مجھ سے کوئی سروکار نہیں۔ (بخاری، کتاب النکاح، باب الترغیب فی النکاح) [٣٢] اس لیے کہ جو لوگ اللہ کی نعمتوں پر اس کا شکر بجا لاتے ہیں وہی نمک حلال ہوتے ہیں اور وہی مزید نعمتوں کے مستحق ہوتے ہیں اور جو اللہ کے ساتھ دوسروں کو شریک کریں اس کی نعمتوں کے حقدار نہیں ہو سکتے لیکن چونکہ یہ دنیا دارالامتحان ہے اس لیے اللہ تعالیٰ نمک حراموں کو بھی رزق دیئے جاتا ہے بلکہ بسا اوقات زیادہ بھی دیتا ہے تاہم آخرت میں اللہ کی نعمتیں صرف اللہ کے فرمانبرداروں ہی کے لیے مخصوص ہوں گی۔