سورة التين - آیت 3

وَهَٰذَا الْبَلَدِ الْأَمِينِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور قسم ہے اس امن والے شہری کی

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٤] البلد الامین یعنی شہر مکہ معظمہ جہاں طوفان نوح کے بعد حضرت ابراہیم اور حضرت اسمعیل علیہما السلام نے مل کر دوبارہ کعبہ تعمیر کیا تھا اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اپنی ساری زندگی یہیں بسر کی تھی اور جہاں افضل الانبیاء نبی آخرالزمان پیدا ہوئے۔ یہیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نبوت عطا ہوئی اور نبوت کے بعد تیرہ سال یہیں گزارے۔ اسی مقام کے لیے سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی تھی کہ اس شہر کو محترم اور امن والا بنا دے۔ اور اڑھائی ہزار سال گزرنے کے بعد اس شہر کا احترام بدستور قائم رہا۔ عرب بھر میں ہر جگہ لوٹ مار اور قتل و غارت کا بازار گرم رہتا تھا۔ بس یہی ایک جگہ تھی جہاں لوگوں کو امن میسر آتا تھا اور مکہ کی یہ حرمت آج تک قائم ہے اور آئندہ بھی قائم رہے گی۔