سورة الرحمن - آیت 78

تَبَارَكَ اسْمُ رَبِّكَ ذِي الْجَلَالِ وَالْإِكْرَامِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

بہت ہی بابرکت (٢٦) ہے آپ کے اس رب کا نام جو حلال اور عزت والا ہے

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

٤٧] پروردگار کا ذاتی نام اللہ ہے اور رحمٰن ذاتی بھی ہے اور صفاتی بھی۔ باقی اللہ کے سب نام صفاتی ہیں۔ ان میں سے ذوالجلال والاکرام بڑا بابرکت صفاتی نام ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ خود بھی بڑی بزرگی اور عزت والا ہے اور دوسروں کو عزت عطا کرنے والا اور ان پر لطف و احسان کرنے والا ہے۔ جیسا کہ اہل جنت پر اس کے لطف و احسان کا ذکر ان آیات میں آیا ہے، پھر جب اس کا نام ہی بڑا بابرکت ہے تو اس کی ذات مقدس کس قدر بابرکت ہوگی اور حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ہر نماز سے سلام پھیرنے کے بعد پہلے اللہ اکبر پھر تین بار استغفر اللہ کہتے۔ پھر اس کے بعد یہ ذکر فرماتے : ﴿اللّٰھُمَّ أنْتَ السَّلاَمُ وَمِنْکَ السَّلاَمُ تَبَارَکْتَ یَا ذَالْجَلاَلِ وَالاِکْرَام﴾(مسلم، کتاب المساجد ومواضع الصلوٰۃ، باب استحباب الذکر بعد الصلوۃ و بیان صفتہ)